محبوب نگر میں تاسیس تلنگانہ تقاریب کا اختتامی پروگرام ،ارکان اسمبلی اور ضلع کلکٹر کا خطاب
محبوب نگر 8 جون ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) تاسیس تلنگانہ ہفتہ تقاریب کا اختتامی پروگرام ضلع پریشد گراونڈ پر ہفتہ کی شب منعقد ہوا ۔ مقامی ایم ایل اے سرینواس گوڑ نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ عوام کا ایک دیرینہ خواب پورا ہوچکا ہے ۔ شہدائے تلنگانہ کی عظیم قربانیوں نے ہی ہمیں تلنگانہ دلایا ہے ۔ اب وقت آگیا ہیکہ سنہرے تلنگانہ کیلئے اور تلنگانہ کو ترقی کی بلندیوں پر پہونچانے کیلئے ہم قدم سے قدم ملا کر آگے بڑھیں ۔ اس موقع پر ایم ایل اے کولا پور جوپلی کرشنا راو نے کہا کہ تلنگانہ کیلئے اپنی جانوں کی قربانی دینے والوں کے افراد خاندان کو خوشحال زندگی گذارنے کے مواقع فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے جس کیلئے عنقریب کے چندر شیکھر راو کی نگرانی میں ایک مشاورتی اجلاس منعقد کیا جائے گا جس میں ریاست کے10 اضلاع کے شہداء کے ارکان خاندان کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کیلئے لائحہ عمل ترتیب دیاجائے گا ۔ انہو ںنے بتایا کہ ٹی آر ایس نے منصوبہ بنایا ہیکہ قربانی دینے والے خاندانوں کو 10 لاکھ روپئے ،ایک فرد کو ملازمت اور 3 ایکر اراضی فراہم کی جائے گی ۔ کسانوں کو پانی کی مناسب فراہمی کیلئے آبپاشی پراجکٹس کی عاجلانہ تکمیل کی جائے گی ۔ زیڈ پی گراونڈ میں عوام کی بڑی تعداد موجود تھی ۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر گریجا شنکر نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کی ترقی تبھی ممکن ہوسکتی ہے جبکہ مقامی افراد روزگار کیلئے نقل مقام ترک کردیں ۔ ضلع کلکٹر نے اعلان کیا کہ وہ اپنی پندرہ دن کی تنخواہ شہدائے تلنگانہ کیلئے قائم کردہ ریلیف فنڈ میں عطیہ دیںگے ۔ ریلیف فنڈ کے نوڈل آفیسر کی حیثیت سے چندر شیکھر ریڈی پی ڈی ڈی آر ڈی اے کام کریںگے ۔ انہوں نے ملازمین سے بھی اپیل کی کہ وہ بھی ریلیف فنڈس میں عطیات کیلئے آگے آئیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ تلنگانہ کی ترقی کیلئے یہاں کے سارے عہدیدار 12 گھنٹے کام کرنے کو تیار ہیں۔ اس موقع پر شہدائے تلنگانہ کے ارکان خاندان کو تہنیت پیش کی گئی اور مستقر محبوب نگر کے پرنٹ و الکٹرانک میڈیا کے نمائندوں کو بھی شال پوشی و گلپوشی اور سرٹیفکیٹ عطا کئے گئے جس میں ایم اے مجیب اسٹاف رپورٹر سیاست ، ایم اے ذکی منصف، رفیق پٹیل عبدالاحد صدیقی ، شجاعت علی خان ،ملا شہاب الدین شامل ہیں ۔ اس موقع پر کلچرل پروگرام پیش کیا گیا ۔ پروگرام میں جوائنٹ کلکٹر ایل شرمن ، اے جے سی راجا رام ،ڈی آر او رام کشن ،زیڈ پی او رویندر ،پی ڈی ڈی آر ڈی اے چندر شیکھر ریڈی و دیگر عہدیدار موجود تھے۔