سنہرا تلنگانہ کیلئے عوام کا تعاون ناگزیر

بودھن ۔ 5 ۔ جون ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) رکن اسمبلی بودھن جناب محمد شکیل عامر نے یہاں I.B گیسٹ ہاوز میں اخباری نمائندوں سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ حلقہ اسمبلی بودھن کے چار منڈلوں میں واقع دفتر تحصیل میں عوامی شکایات و تجاویز قبول کرنے ، ڈراپ بکس نصب کئے جائیں گے جن کی ہفتہ یا دس دنوں میں باضابطہ کشادگی عمل میں آئی گی ۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ اسمبلی بودھن کی عوام جو ان سے راست ربط پیدا کرنے میں دشواری محسوس کرتے ہیں وہ مذکورہ ڈراپ بکس میں اپنی شکایت یا تجاویز لکھ کر ڈال سکتے ہیں ۔ جناب شکیل نے کہا کہ چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤکے خوابوں کی تعبیر سنہرا تلنگانہ ریاست کی تشکیل کیلئے عوام الناس کا تعاون ناگزیر ہے ۔ جناب شکیل نے کہا کہ وہ حلقہ اسمبلی بودھن کو نو تشکیل ریاست تلنگانہ کا ایک ماڈل حلقہ اسمبلی بنائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر کے سی آر غریب و پسماندہ طبقات کی فلاح و بہبود کیلئے کوشاں ہیں ۔ مسٹر شکیل نے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران جن کسانوں نے ایک لاکھ روپئے تک کی رقم بینکس سے بطور قرض لئے ہیں ان کے یہ قرضہ جات معاف کردینے بہت جلد جی او کی اجرائی عمل میں آئیگی ۔ جناب شکیل نے کہا کہ حلقہ اسمبلی بودھن کا انتظامیہ انتہائی ٹھپ ہو کر رہ گیا ۔ بعض سرکاری عہدیداروں کی تساہلی کے سبب بودھن کی عوام کو مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے انہوں نے کہا کہ دفاتر میں رشوت ستانی کی شکایت انہیں موصول ہوئی انہوں نے کہا کہ رشوت خوری اور بلیک میلنگ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی ۔

شکیل نے مبینہ طور پر عوام یا عہدیداروں کو بلاوجہ ہراساں کرنے والے سیاسی قائدین کو انہوں نے سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا وہ اپنی حرکتوں سے باز آجائیں ۔ جناب شکیل نے کہا کہ نظام آباد تا بودھن سڑک کی توسیعی کام میں مبینہ طو رپر بدعنوانیاں کئے جانے کی انہیں شکایتیں وصول ہوئی‘ بعض مخصوص افراد کو ہی سرکاری گتہ کے تعمیری کام حوالے کئے جاتے رہے مسٹر شکیل نے کہا NDSL خانگی انتظامیہ تاحال کسانوں کو دس کروڑ پچاس لاکھ روپئے واجب الادا ہے ۔ انہوں نے انتظامیہ سے خواہش کی کہ وہ اندرون ایک ہفتہ کسانوں کو رقم ادا کردیں ورنہ انتظامیہ کے خلاف سخت احتجاج منظم کیا جائیگا ۔ جناب شکیل نے کہا کہ حلقہ اسمبلی بودھن کے سرکاری انتظامیہ میں پائی جانے والی خامیوں کو دور کرنے وہ دو سابقہ ریونیو ڈیویژنل افسرس کی خدمات حاصل کرینگے ۔ جناب شکیل نے ریت مافیا پر روک لگانے سخت اقدامات کرنے کی انتظامیہ سے خواہش کی ۔ اس پریس کانفرنس میں سابقہ صدرنشین بلدیہ بودھن محمد غوث الدین ، کسان لیڈر اپا ریڈی ، ریاستی نائب صدر اقلیتی سیل عبدالرزاق سدرشن گوڑ ، احتشام الدین ، عبدالکریم ، شاکر حسین و دیگر ٹی آر ایس پارٹی کے قائدین موجود تھے ۔