لکھنو 29 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) سنگھ پریوار پر فرقہ واریت پھیلانے کی کوشش کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ یہ تنظیم ملک کو فرقہ وارانہ خطوط پر تقسیم کرنا چاہتی ہے ۔ اتر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نرمل کھتری نے کہا کہ گاندھی جی کے اصولوں کو آج چیلنج کیا جارہا ہے اور ایسا کرنے والوں کا مقصد فرقہ وارانہ منافرت پھیلانا ہے ۔ انہوں نے گاندھی سمرتی پد یاترا میں حصہ لیتے ہوئے اس خیال کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ گاندھی جی نے عالمی بھائی چارہ کی تعلیم دی تھی لیکن آج سنگھ پریوار ملک کو تقسیم کرنا چاہتا ہے ۔ سابق اتر پردیش کانگریس صدر ریٹا بہوگنا جوشی نے اپنے خطاب میں کہا کہ امریکی صدر بارک اوباما نے دو مرتبہ ہندوستان کا دورہ کیا اور انہوں نے دونوں ہی مرتبہ گاندھی جی کو ان افراد کیلئے سرچشمہ وجدان قرار دیا تھا جو عدم مساوات اور ناانصافی کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا دستور گاندھی جی کے اصولوں پر مبنی ہے اور یہ بڑے شرم کی بات ہے کہ نریندر مودی حکومت دستور کو ہی بدلنا چاہتی ہے ۔