سنگم بنڈہ ذخیرہ آب کے کاموں کا معائنہ

متاثرین کے مکانات کی تعمیر میں سست رفتاری پر آر ڈی او کا اظہار برہمی
مکتھل /23 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) آر ڈی او نارائن پیٹ شریمتی سورنا لتا نے مکتھل کا دورہ کرتے ہوئے سنگم بنڈہ ذخیرہ آب کے کاموں کا تفصیلی معائنہ کیا اور برسر موقع عہدہ داروں کو ضروری ہدایات دیں۔ اس کے علاوہ انھوں نے سنگم بنڈہ پراجکٹ کے متاثرین کے لئے بنائے گئے باز آبادکاری مرکز کا دورہ کرتے ہوئے متاثرین کے لئے بنائے جانے والے مکانات کی تعمیر میں سست روی اور کام کے چند دنوں سے تعطل میں رہنے پر اپنی شدید ناراضگی و برہمی ظاہر کی اور عہدہ داروں کے ساتھ اپنے جائزہ اجلاس میں بتایا کہ متاثرین کے لئے 670 مکانات میں اب تک ایک سو مکانات کی تعمیر بھی تکمیل کو نہیں پہنچی، جب کہ اس ذخیرہ آب سے متاثرہ مزید 200 افراد کو ابھی اراضی کے پٹہ جات کی تقسیم بھی باقی ہے۔ انھوں نے عہدہ داروں پر زور دیا کہ وہ پوری دلچسپی اور توجہ کے ساتھ کاموں کے مقررہ نشانات کی تکمیل کو عاجلانہ طورپر یقینی بناتے ہوئے اپنی مفوضہ ذمہ داریوں کو محسوس کریں۔ محترمہ سورنا لتا نے کہا کہ حکومت متاثرین کی جلد بازیابی کے علاوہ باز آبادکاری مرکز (آر آر سنٹر) میں تمام سہولتوں کی فراہمی کے ساتھ متاثرین کے لئے ضرورت پر مزید اراضی کی خریدی کے لئے بھی تیار ہے۔ بعد ازاں ایک عوامی وفد نے آر ڈی او سورنا لتا کو ایک یادداشت پیش کرتے ہوئے جامع سروے کے ذریعہ کئی غریب و مستحق افراد کے وظائف کی منسوخی کی طرف توجہ دلائی، جس پر آر ڈی او نے کہا کہ غریب و مستحق درخواست گزاروں کے تعین کا کام ابھی جاری ہے اور انھوں نے تیقن دیا کہ تمام غریب و مستحق افراد کو وظائف ضرور جاری کئے جائیں گے۔ اس موقع پر تحصیلدار مکتھل انجی ریڈی، منڈل پریشد ڈیولپمنٹ آفیسر شنکر کے علاوہ سابق زیڈ پی ٹی سی مسٹر لکشما ریڈی اور دیگر بھی موجود تھے۔