سنگاکارا کے 319 رنز ، سری لنکا 587 رنز پر آل آؤٹ

چٹگانگ۔ 5 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) کمارا سنگاکارا نے بنگلہ دیش کے خلاف ٹریپل سنچری اسکور کرلی ہے جیسا کہ بائیں ہاتھ کے سینئر بیٹسمین نے 482 گیندوں میں 32 چوکوں اور 8 چھکوں کی مدد سے 319 رنز اسکور کرتے ہوئے یہاں رواں دوسرے ٹسٹ کے دوسرے دن اپنی ٹیم کی پہلی اننگز کے اسکور کو 587 تک پہونچانے میں کلیدی رول ادا کیا۔ سنگاکارا کے علاوہ ویتھنگے نے 52 گیندوں میں 6 چوکوں کی مدد سے 35 رنز اسکور کئے جبکہ لوور آرڈر میں مینڈس نے 67 گیندوں میں 6 چوکوں کی مدد سے 47 رنز اسکور کئے جبکہ بنگلہ دیشی بولروں نے سری لنکائی ٹیم کے مجموعی اسکور میں 35 رنز کا زائد تعاون دیا۔ میزبان ٹیم کے لئے آل راؤنڈر شکیب الحسن کامیاب بولر ثابت ہوئے جنہوں نے 34 اوورس میں 148 رنز کے عوض پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ نصیر حسین 6.4 اوورس میں 16 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ بنگلہ دیش کی پہلی اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن ہوا جیسا کہ پہلے ہی اوور کی چوتھی گیند پر اوپنر تمیم اقبال بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔ اسکور بورڈ پر پہلے رن کے درج ہونے سے قبل ہی بنگلہ دیش کو پہلا نقصان برداشت کرنا پڑا لیکن دوسری وکٹ کیلئے اوپنر شمس الرحمن اور عمرالقیس نے 86 رنز کی پارٹنرشپ نبھائی ہے۔ دریں اثناء شمس الرحمن نے 75 گیندوں میں 4 چوکوں کی مدد سے ناقابل تسخیر 45 اور عمرالقیس نے 76 گیندوں میں 5 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 36 رنز بنائے ہیں۔ سری لنکا کو واحد کامیابی فاسٹ بولر لکمل نے دلوائی۔