چٹگانگ ۔ 4 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) سری لنکائی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سینئر بیٹسمین کمارا سنگاکارا نے اپنے ٹسٹ کیریئر کی 34 ویں سنچری اسکور کرتے ہوئے یہاں بنگلہ دیش کے خلاف شروع ہوئے دوسرے ٹسٹ پہلے دن ٹیم کو ناقص شروعات کے باوجود مستحکم موقف کی سمت لے جانے میں کلیدی رول ادا کیا۔ سنگاکارا نے دن کے اختتام پر 245 گیندوں میں 19 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے ناقابل تسخیر 160 رنز اسکور کرنے کے علاوہ تیسری وکٹ کیلئے ٹیم کے ساتھی سینئر بیٹسمین مہیلا جئے وردھنے کے ہمراہ 178 رنز کی پارٹنر شپ ایسے موقع پر نبھائی جب سری لنکا ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کرنے کے بعد 20 اوورس میں 49/2 کی نازک صورتحال سے دوچار ہوچکی تھی۔ علاوہ ازیں جئے وردھنے جنہوں نے گذشتہ مقابلہ میں اپنی ساتویں ڈبل سنچری اسکور کی تھی،
وہ 147 گیندوں میں 6 چوکوں کی مدد سے 72 رنز اسکور کئے۔ بنگلہ دیش کیلئے خطرناک ثابت ہورہی اس جوڑی کو محمود اللہ نے اس وقت توڑا جب انہوں نے جئے وردھنے کو ایل بی ڈبلیو آوٹ کیا۔ قبل ازیں سری لنکا کو پہلا نقصان اس وقت برداشت کرنا پڑا جب اس کے اوپنر سلوا 46 گیندوں میں 11 رنز بنا کر سوہگ غازی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آوٹ ہوئے۔ دوسرے اوپنر کرونا رتنے 61 گیندوں میں 4 چوکوں کی مدد سے 31 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔ آوٹ ہونے والے دیگر کھلاڑیوں میں چنڈی مل نے 38 گیندوں میں 2 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 27 اور کپتان اینجیلو میتھوس 12 گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے 5 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔ بنگلہ دیش کیلئے شکیب الحسن وکٹوں کے حصول کے معاملے میں کامیاب بولر ثابت ہوئے۔ جیسا کہ انہوںنے 15 اوورس میں 70 رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔