سنگاکارا کی سنچری‘ سری لنکا نے سیریز جیت لی

پالی کیلے۔13ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) میان آف دی میچ کمار سنگاکارا کی ونڈے میں 20ویں سنچری کے بدولت سری لنکا نے یہاں انگلینڈ کے خلاف منعقدہ چھٹے مقابلے میں 90رنز کی کامیابی حاصل کرتے ہوئے 7مقابلوں کی سیریز میں 4-2کی سبقت حاصل کی اور سیریز اپنے نام کرلی ہے ۔آخری مقابلے میں انگلینڈ کی کامیابی کے باوجود بھی سیریز سری لنکا کے نام ہی رہے گی ۔ سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50اوورس میں 292/7 رنز اسکور کئے جس میں سنگاکارا نے 112گیندوں پر مشتمل اپنی اننگز میں 12چوکوں اور دو چھکوں کے ساتھ 112رنز اسکور کئے ۔ اوپنر تلک رتنے دلشان نے 8چوکوں کی مدد سے 68رنز بنائے ۔ جوابی اننگز میں انگلینڈ کی ٹیم 41.3اوورس میں 202رنز پر ڈھیر ہوگئی ۔ مہمان ٹیم کیلئے جیوروٹ نے 76گیندوں میں چار چوکوں کے ہمراہ 55رنز اسکور کئے جب کہ لوور آرڈر میں کریس ووکس نے 49گیندوں میں چار چوکوں کی مدد سے 41رنز اسکور کئے ۔ کپتان السٹرکُک پہلے اوور کی تیسری ہی گیند پر سچترا سنانائیکے کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے ۔ سری لنکا کیلئے سرنگا لکمل نے 30رنز کے عوض4اور سنانائیکے نے 33رنز کے عوض 3کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔