سنگاکارا اور مہیلا جئے وردھنے نے صحیح فیصلہ لیا : رانا تنگا

کولمبو۔10اپریل(سیاست ڈاٹ کام ) ٹیم کے سینئر کھلاڑیوں کمارا سنگاکارا اور مہیلا جئے وردھنے کی جانب سے ٹوئنٹی 20کرکٹ کو خیرباد کہنے پر سری لنکائی کرکٹ بورڈ ناراض ہے جب کہ سری لنکا کو پہلی مرتبہ ورلڈ کپ دلوانے والے کپتان ارجنا رانا تنگا نے ان کھلاڑیوں کے فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ مہیلا اور سنگا کارا نے صحیح وقت پر ٹوئنٹی 20 سے کنارہ کشی کی ہے ۔ دریں اثناء مہیلا جئے وردھنے اور کمارا سنگاکارا پر سری لنکائی کرکٹ بورڈ نے یہ کہتے ہوئے تنقید کی ہے کہ ان کھلاڑیوں نے اپنی سبکدوشی کے فیصلے سے قبل بورڈ کو اعتماد میں نہیں لیا ۔

واضح رہے کہ سری لنکائی ٹیم نے ٹوئنٹی 20ورلڈ کپ کے فائنل میں ہندوستان کو شکست دیتے ہوئے عالمی خطاب حاصل کیا ہے اور اس مقابلہ کے ذریعہ سنگاکارا اور مہیلا جئے وردھنے نے اپنے ٹوئنٹی 20کریئر کو ختم کیا ہے ۔ مذکورہ کھلاڑیوں نے ایک پریس کانفرنس منعقد کرتے ہوئے کہا ہے کہ سری لنکائی کرکٹ بورڈ کے سکریٹری نشنتا رانا تنگا اور سی ای او ایشلی ڈی سلوا نے بنگلہ دیش میں منعقدہ ٹوئنٹی 20ورلڈ کپ سے قبل ان کے حوصلے پست کئے تھے جب کہ رانا تنگا نے ان کھلاڑیوں کے فیصلوں کو صحیح وقت پر کیا جانے والا فیصلہ قرار دیا ہے ۔ ٹیم کے عالمی چمپئن بننے پر رانا تنگانے کہا کہ یہ ٹیم کی مجموعی کاوشوں کا نتیجہ ہے کہ سری لنکا نے ٹوئنٹی 20ورلڈ کپ اپنے نام کرلیا۔ راناتنگا کے بموجب چونکہ ٹوئنٹی 20نوجوان کھلاڑیوں کا کھیل ہے لہذا سنگااورمہیلا کافیصلہ صحیح ہے۔