سروے مکمل ۔ 270 کڑوڑ روپئے خرچ کا تخمینہ ‘سڑک سے چالیس مواضعات مربوط ہونگے
سنگاریڈی ۔ یکم / اپریل (محمد عبدالقادر فیصل کی رپورٹ) حکومت تلنگانہ سنگاریڈی کے اطراف اوٹر رنگ روڈ منظور کرنے کی تجویز پر سرگرمی کے ساتھ غور کررہی اور توقع ہے کہ عنقریب آوٹر رنگ روڈ کی منظوری کا اعلان کیا جائیگا ۔اطلاعات کے مطابق محکمہ آر اینڈ بی نے سنگاریڈی کے اطراف آوٹر رنگ روڈ کی تعمیر کیلئے سروے کیا ہے اور 35 کلو میٹر آوٹر رنگ روڈ کیلئے 270 کڑوڑ روپیہ خرچ کا تخمینہ تیار کرتے ہوئے حکومت کو پیش کیا ہے ۔ شہر سنگاریڈی ریاستی دارالحکومت حیدرآباد کے دامن میں واقع ہے اور ریاست کرناٹک کے بیدر ‘ گلبرگہ ‘ بیجاپور اور دیگر مقامات جبکہ مہاراشٹرا کے نانڈیڑ ‘ بیٹئر ‘ اکولہ ‘ شولاپور ‘ شرڈی ‘ پونا اور ممبئی کی ٹرافک بھی سنگاریڈی سے گذرتی ہے جنانچہ سنگاریڈی ٹرافک میں زبردست اضافہ ہوا ہے اورآوٹر رنگ روڈ کی ضرورت محسوس کی جارہی تھی اوٹر رنگ کی تعمیر کے بعد سداسیوپیٹ ‘ ظہیرآباد ‘ بیدر ‘ گلبرگہ ‘ شولاپور ‘ ممبئی ‘ جوگی پیٹ ‘ نظام ساگر ‘ دیگلور ‘ ناندیڑ ‘ اکولہ اور بیٹر جانے والی ٹرافک شہر سنگاریڈی میں داخل نہیں ہوگی بلکہ سنگاریڈی کے قریب موضع مامڑی پلی کے قریب سےآوٹر رنگ روڈ پر سے ہوکر موضع ملکاپور کے آگے قومی شاہراہ پر آئیگی جبکہ نانڈیڑ اکولہ ٹرافک موضع مامڑی پلی سے ہوکر فصل وادی کے قریب قومی شاہراہ 161 پر مل جائیگی ۔ مجوزہ آوٹر رنگ روڈ سنگاریڈی کے اطراف کے مواضعات مامڑی پلی ‘ فصل وادی ‘ کولبگور ‘ چنتل پلی ‘ تالابلی ‘ گرماپور ‘ ملکاپور مختہ الور ‘ کاشی پور اور چیریال سے ہوکر گذریگی ۔ حکومت کی جانب سے منظوری کے بعد ہی آوٹر رنگ روڈ کے قطعی نقشہ اور دیگر معلومات حاصل ہونگے ۔ اوٹر رنگ روڈ کی منظوری کے بعد سب سے پہلے حصول اراضی کا کام ہوگا اس کے بعد سڑک کی تعمیر کیلئے ٹنڈر طلب کئیے جائینگے ۔ رنگ روڈ سے تقریباً چالیس مواضعات راست مربوط ہونگے ۔ سنگاریڈی کے اطرافآوٹر رنگ روڈ کی نجوبر ابھی زیر غور ہے اور اس پر تاحال کوئی قطعی فیصلہ نہیں ہوا ہے لیکن مجوزہ اوٹر رنگ روڈ گذرنے والے علاقوں میں زمین کے کاروبار میں تیزی دیکھی جارہی ہے ۔ مرکزی حکومت نے سنگاریڈی تا نانڈیڑ اکولہ سڑک کو قومی شاہراہ میں تبدیل کرتے ہوئے اس کو قومی شاہراہ نمبر 161 قرار دیا اور اس سڑک کو چارلین میں تبدیل کرنے دو ہزار تین سو کڑوڑ روپیہ منظور کئے ہیں ۔ اس سڑک کی تعمیر کیلئے ٹنڈر عمل شروع ہوچکا ہے اس سڑک کو بھی حیدرآباد ممبئی قومی شاہراہ نمبرس پر موضع مامڑی پلی سے مربوط کیا جائیگا ۔ سنگاریڈیآوٹر رنگ روڈ اور سنگاریڈی نانڈیڑ اکولہ روڈ کی تعمیر سے عوام کو ٹرافک میں کمی اور وقت سفر میں کمی سے راحت ملیگی ۔ عوام نے سنگاریڈی تا ظہیرآباد سڑک پر واقع ٹول ٹیکس کو برخواست کرنے یا کم از کم ضلع سنگاریڈی کے گاڑیوں کو ٹول ٹیکس سے مثتثنیٰ قرار دینے کا پر زور مطالبہ کررہے ہیں ۔