سنگاریڈی میں چیرمین بلدیہ کے عہدہ کیلئے سیاسی چپقلش شروع

سنگاریڈی /13 مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) بلدیہ سنگاریڈی میں عہدہ چیرمین حاصل کرنے سیاسی جماعتوں میں اپنی سرگمیاں شروع کردی ہیں ۔ بلدی سنگاریڈی میں 31 وارڈس ہیں اور عہدہ چیرمین حاصل کرنے 16 کونسلروں کی ضرورت ہے ۔ سنگاریڈی بلدیہ میں سب سے بڑی جماعت کانگریس پارٹی کے 11 کونسلرس منتخب ہوئے ہیں اور کانگریس پارٹی ہی چیرمین عہدے کی دعویدار ہے تاہم اس کو چیرمین عہدہ حاصل کرنے 5 کونسلرس کی تائید درکار ہے جس کیلئے کانگریس پارٹی قیادت نے آزاد و دیگر کونسلرس سے رابطہ پیدا کرنا شروع کردیا ہے ۔ سنگاریڈی بلدیہ میں 6 آزاد کونسلرس بادشاہ گر موقف کے حامل ہیں وہ جس کی بھی تائید کریں گے وہی پارٹی چیرمین کا عہدہ حاصل کرے گی ۔ کانگریس پارٹی اپنے 11 کونسلروں کے ساتھ آزاد کونسلروں کی تائید حاصل کرتے ہوئے چیرمین عہدہ حاصل کرنے ایڑی چوٹی کا زور لگارہے ہیں تو دوسری جانب صرف دو وارڈس پر کامیابی حاصل کرنے والی ٹی آر ایس بھی میدان میں آکر نئی سیاسی صف بندی بنانے کی کوشش کر رہی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ٹی آر ایس قائدین ہم خیال جماعتوں کے ساتھ فرنٹ بناکر عہدہ چیرمین پر دعویداری پیش کرنے کے امکانات سرگرمی کے ساتھ تلاش کر رہے ہیں ۔ ٹی آر ایس قیادت کے مطابق ٹی آر ایس ، مجلس ، سی پی ایم کو ملاکر جملہ 11 کونسلرس ہو رہے ہیں ۔ چنانچہ آزاد کونسلرس کی تائید حاصل کرنے کی کوشش شروع کردی ہے اور بتایا جاتا ہے کہ ٹی آر ایس قیادت نے دو آزاد کونسلروں سے رابطہ بھی پیدا کرلیا ہے ۔ ٹی آر ایس مجلس اور سی پی ایم اتحاد عملی صورت اختیار کرتا ہے تو سنگاریڈی بلدیہ چیرمین عہدے کا انتخاب دلچسپی مراحل سے گذرنے کی توقع ہے ۔ علاوہ ازیں رکن اسمبلی کا بحیثیت ایک آفس ممبر ووٹ بھی اہمیت کا حامل ہوگا 16 مئی کو جو بھی ایم ایل اے کے طور پر کامیاب ہوگا اس پارٹی کے ووٹ میں ایک کا اضافہ ہوگا ۔ سنگاریڈی بلدیہ نتائج کی تفصیلات کی سرکاری فہرست میں وارڈ نمبر 27 سے کامیاب کانگریس امیدوار ایم ونئے کمار کو آزاد امیدوار بتایا گیا تھا ۔ چنانچہ گنتی میں کانگریس کو 10 نشستیں بتائی گئیں ۔ لیکن حقیقت میں کانگریس اپرٹی نے بلدیہ سنگاریڈی میں 11 وارڈس پر کامیابی حاصل کی ۔ بلدیہ انتخابات میں سنگاریڈی میں تقریباً 38 ہزار ووٹ ڈالے گئے ۔ جس میں سے کانگریس پارٹی کو دس ہزار سات سو ووٹ ٹی آر ایس کو سات ہزار ووٹ بی جے پی کو چار ہزار ایک سو ووٹ مجلس کو پانچ ہزار سات سو ووٹ تلگودیشم کو نو سو ووٹ ، ویلفیر پارٹی آف انڈیا کو تین سو ووٹ حاصل ہوئے جبکہ ماباقی ووٹ سی پی ایم ، سی پی آئی ، لوک ستہ اور آزاد امیدواروں نے حاصل کئے ۔ بلدیہ انتخابات کے وقت تلگودیشم میں تمام قائدین موجود تھے اور انتخابی مہم چلائی تھی ۔ اسمبلی انتخابات کے وقت تلگودیشم قائدین مستعفی ہوگئے تھے ۔ سنگاریڈی بلدیہ میں تلگودیشم کا کوئی بھی امیدوار منتخب نہیں ہوا ۔ ٹی آر ایس اور تلگودیشم پارٹی چیرمین بلدیہ کے عہدے کیلئے سرگرم ہیں ۔