سنگاریڈی میں آج کل ہند مشاعرہ

سنگاریڈی۔/24 اگسٹ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) صدرایم پی جے سنگاریڈی محمدعبد الوحید حیدری کی اطلاع کے بموجب 25 ؍ اگسٹ بروزجمعرات 9 بجے شب بمقام اسلامک سنٹر نزد پر یسڈنٹ فنکشن ہا ل سنگاریڈی میں امن و انسا نیت کے زیر عنوان ایک ’’کل ہندمشاعرہ‘‘  زیر صدارت جناب سید ریاض تنہا صدر ادارہ ادب اسلامی ریاست تلنگانہ و اڑیسہ منعقد ہو گا جبکہ مہمان خصوصی کی حیثیت سے جناب شمس جالنوی جالنہ مہاراشٹراشرکت کر ینگے جس میںملک کے مشہور شعراء انس نبیل آکولہ ۔ مہا راشٹرا ‘ طاہرگلشن آبادی حیدرآباد ‘ ظفر فاروقی حیدرآباد ‘ لطیف آر زو کوہیر ‘ ڈاکٹر نوید عبد الجلیل ظہیرآباد ‘ فیاض علی سکندر سداسیو پیٹ ‘ شیخ محبوب نقیب سدا سیو پیٹ ‘ فاروق ساحل تا نڈور ‘ قیوم یاور تانڈورکے علاوہ میزبان شعراء بھی اپنا کلام پیش کر ینگے۔اس ضمن میں مقامی ذمہ دران قمرالدین بخاری ‘ عبد القدیر ‘ ضیاء الدین محمدی ‘ شیخ عارف الدین شجاع ‘ سید طاہر علی ‘ محمد عبد الوحید حیدری ‘ رزاق سلیم نے اہلیان سنگاریڈی اور محبان اردو معہ دوست و احباب سے شرکت کی خواہش کی۔

 
کوہیرمیں قتل کا بہیمانہ واقعہ
کوہیر۔/24اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع میدک کے کوہیر منڈل کے موضع کویلی چوراستہ کے قریب قومی شاہراہ نمبر 65پر دن دہاڑے تقریباً ایک بجے کے بعد بڑی بے رحمی سے ایک 52سالہ شخص محمد مقبول احمد کا تیز دھار ہتھیار سے کسی نامعلوم شخص نے گلہ کاٹ دیا۔ سرکل انسپکٹر پولیس ظہیرآباد نے اخباری نمائندوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ چند ماہ سے دونوں بھائی مقبول احمد اور انور احمد میں اراضی کے معاملے میں تنازعہ چل رہا تھا۔ پولیس کو یقین ہے کہ یہ قتل انوار نے ہی کیا ہے۔ انسپکٹر نے مزید کہا کہ انوار فرار ہوگیا ہے وہ بہت جلد پولیس کی گرفت میں ہوگا۔ بتایا جاتا ہے کہ 2009 میں مقبول احمد نے اس اراضی کے لئے اپنے سگے ماموں کا قتل کردیا تھا۔ نعش  کو ظہیرآباد کے مردہ خانہ میں محفوظ کردیا گیا ہے۔ 25اگسٹ کو پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کردیا جائے گا۔