سنگاریڈی میں انتخابی ماحول ‘سیاسی سرگرمیاں تیز تر

سیاسی و سماجی تنظیموں کی نئی شیرازہ بندی کا امکان ‘ قبل از وقت انتخابات عوامی بحث کا محور
سنگاریڈی ۔5ستمبر ( ایم اے خالق حسین کی رپورٹ ) تلنگانہ اسمبلی کی 6ستمبر کو تحلیل اور ریاست میں قبل از وقت انتخابات کے انعقاد کی پیش قیاسی کے بعد ضلع سنگاریڈی میں وقت سے کافی پہلے انتخابی ماحول بن چکا ہے اور سیاسی سرگرمیاں تیز تر ہوگئی ہیں ۔ ماہ ڈسمبر میں قبل از وقت انتخابات کے انعقاد سے متعلق اطلاعات نے نہ صرف سیاسی صفوں میں گرمی پیدا کی بلکہ سیاسی و سماجی تنظیموں کی نئی شیرازہ بندی کا دروازہ بھی کھول دیا ہے ۔ تمام سیاسی جماعتیں عوام سے قریب تر ہونے اور اپنی عوامی حمایت میں اضافہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ برسراقتدار ٹی آر ایس پارٹی اپنی فلاحی و ترقیاتی اسکیمات کی تشہیر پرجبکہ اپوزیشن جماعت کانگریس پارٹی کی جانب سے موجودہ حکومت کی ناکامیوں اور عوامی مسائل کو اُجاگر کرتے ہوئے احتجاج منظم کیا جارہا ہے ۔ اس کے علاوہ ٹی جے ایس ‘ بی ایل ایف ‘ بی جے پی ‘ کمیونسٹ کے علاوہ دیگر سیاسی جماعتیں بھی سرگرم ہوچکی ہیں۔ ضلع سنگاریڈی میں پانچ اسمبلی حلقہ جات ہیں جن میں سے 4 یعنی سنگاریڈی ‘ پٹن چیرو ‘ اندول اور نارائن کھیڑ سے ٹی آر ایس ایم ایل اے ہیں جبکہ حلقہ اسمبلی ظہیرآباد ( ایس سی محفوظ حلقہ ) سے کانگریس ایم ایل اے ہے ٹی آر ایس پارٹی اپنے چار موجودہ حلقوں پر دوبارہ کامیابی حاصل کرنے کوشاں ہے تو دوسری جانب کانگریس پارٹی ضلع کی تمام پانچ نشستوں پر کامیابی حاصل کرنے سر توڑ کوشش کررہی ہے ۔ ضلع سنگاریڈی میں برسراقتدار ٹی آر ایس پارٹی اور اپوزیشن کانگریس و دیگر پارٹیوں کے بیانات ‘ جلسے ‘ پریس کانفرنس ‘ سوال و جواب ‘ الزامات و جوابی الزامات اور پارٹی جائزہ و کارکنان اجلاس جیسی سرگرمیوں سے سیاسی ماحول یکلخت گرم ہوگیا ۔ ضلع سنگاریڈی کے تمام پانچ اسمبلی حلقہ جات میں مسلم ووٹرس کو بادشاہ گر موقف حاصل ہے اور جس امیدوار کو بھی مسلم ووٹ حاصل ہوں گے ان کی کامیابی یقینی ہے ۔ اس حقیقت کے تناظر میں سیاسی جماعتیں مسلمانوں سے اپنی قربت بڑھانے کی سعی کررہے ہیں ۔ ضلع سنگاریڈی کے چار اسمبلی حلقہ جات سے کانگریس پارٹی امیدواروں کی نامزدگی واضح ہے جبکہ حلقہ اسمبلی پٹن چیرو سے امیدوار پر تجسس ہے ۔ ٹی آر ایس پارٹی کی جانب سے ضلع سنگاریڈی کی پانچ نشستوں کے منجملہ دو حلقوں میں امیدواروں کی تبدیلی کی اطلاعات کافی عرصہ سے زیرگشت ہیں ۔ ٹی آر ایس پارٹی سے کچھ نئے قائدین پارٹی ٹکٹ حاصل کرنے کا سرعام اظہار کرنے اور ان کی سیاسی سرگرمیوں سے ٹی آر ایس امیدواروں میں تبدیلی کی افواہوں کو تقویت حاصل ہورہی ہے ۔ قائد تحریک تلنگانہ پروفیسر کودنڈارام کی زیرقیادت ٹی جے ایس اور بی سی ‘ ایس سی ‘ ایس ٹی اور اقلیتوں کی بنیاد پر قائم مختلف سیاسی جماعتوں کا مجموعہ بہوجن لفٹ فرنٹ ( بی ایل ایف ) کے علاوہ بی جے پی اور دیگر سیاسی پارٹیاں اپنی سرگرمیوں میں تیزی پیدا کرتے ہوئے انتخابات کیلئے اپنا میدان تیار کرنے کی کوشش کررہی ہیں ۔ بی جے پی بظاہر خاموشی نظر آرہی ہے لیکن نوجوانوں میںاپنا اثر پیدا کرتے ہوئے سیاسی طاقت کو وسعت دینے میں مصروف ہے ۔ ضلع سنگاریڈی میں سیاسی رُخ اور رجحان کا قیاس کرنا قبل از وقت ہوگا چونکہ انتخابات ماہ ڈسمبر میں متوقع بتائے جارہے ہیں اور آئندہ تین ماہ کے دوران ریاست میں سیاسی صفبندی ‘ سیاسی جماعتوں کا اتحاد ‘ انتخابی منشور عوام پر اثرانداز ہوسکتے ہیں ۔ اس کے بعد ہی عوام کے رجحان کا پتہ چل سکتا ہے ‘ انتخابات میں 90 دن کا عرصہ کافی طویل ہوتا ہے ۔ قبل از وقت انتخابات کی فیاس آرائیاں عوامی دلچسپی کا محور بن رہی ہیں ہر جگہ ‘ ہر محفل میں سیاسی گفت و شنید دیکھی جارہی ہے ۔