ریاست کی ترقی کیلئے رشوت کا خاتمہ ضروری،سری رام پور میں جلسہ عام سے چیف منسٹر کا خطاب
منچریال۔/28 فبر وری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ ان کی حکومت سنگارینی ملازمین کی ہمہ جہتی ترقی کیلئے ٹھوس اقدامات کررہی ہے۔ یہ بات کل شام 6 بجے ضلع منچریال کا دورہ کرتے ہوئے سری رامپور ایریا سنگارینی ملازمین سے مخاطب ہوتے ہوئے کہی۔ قبل ازیں وہ منچریال کے قریب لنسپور کے مقام پر منچریال ضلع کلکٹریٹ کے تعمیری کاموں کا سنگ بنیاد رکھا۔ مسٹر کے سی آر نے سنگارینی ملازمین سے راست بات کرتے ہوئے ان کے مسائل سے واقفیت حاصل کی۔ بعد ازاں وہ سری رامپور کے پرگتی میدان میں جلسہ عام سے خطاب سے قبل 6 نئے سنگارینی کوئیلہ کانوں کے آغاز کا افتتاح انجام دیا اور ایک زبردست جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ ریاست کے قیام کے بعد سنگارینی کی پیداوار میں دوگنا اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سنگارینی کو کسی بھی قیمت میں خانگیا یا نہیں جائے گا۔ انہوں نے مرکز کی کوششوں کی سخت مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ہر قیمت پر سنگارینی کمپنی اور ملازمین کا مکمل تحفظ کیا جائے گا۔ ونیز سنگارینی کی پیداوار میں اضافہ اور مزید نئے کانوں کے قیام کے ذریعہ نہ صرف آمدنی میں اضافہ ہوگا بلکہ تلنگانہ کے عوام کو روزگار بھی فراہم ہوگا۔ سنگارینی ملازمین کے کوارٹرز کو برقی اور نل مفت فراہم کیا جائے گا۔ ملازمین کیلئے مرحلہ واری طور پر 10 ہزار نئے کوارٹرس تعمیر کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی ترقی کیلئے رشوت کا خاتمہ ضروری ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی قیمت میں کسی کو بھی رشوت نہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ سنگارینی کے علاقوں میں جو مکانات ہیں ان کو باقاعدہ بنایا جائے گا۔ سنگارینی، آر ٹی سی اور الکٹریسٹی کو کسی بھی قیمت میں خانگی سیکٹر کے حوالے نہیں کیا جائے گا۔ منچریال میں بائی پاس روڈ کی تعمیر کیلئے فنڈز کو منظور کیا جائے گا۔ اس پروگرام میں ریاستی وزرائ، مسٹر ای راجندر، مسٹر جوگو رامنا، مسٹر اندرا کرن ریڈی، پداپلی ایم پی مسٹر بی سمن، نظام آباد ایم پی مسزکویتا، ایم ایل اے مسٹر این دیواکر راؤ، ایم ایل سی ایم ستیش اور ٹی آر ایس قائدین کی کثیر تعداد موجود تھی۔ قبل ازیں چیف منسٹر 4:40 منٹ پر پرگتی میدان کے ہیلی پیاڈ پر بذریعہ ہیلی کاپٹر پہنچے۔ جہاں پر ریاستی وزراء ایم پی، ایم ایل اے، ضلع کلکٹر منچریال کے علاوہ ٹی آر ایس قائدین نے پرتپاک استقبال کیا۔ آخر میں چیف منسٹر نے جلسہ میں عوام اور سنگارینی ملازمین کی کثیر تعداد میں شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔