ابو ظہبی۔ یکم نومبر (سیاست ڈاٹ کام) 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 رنز سے شکست د یدی۔ ابوظہبی کے شیخ زاید اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے 149 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مہمان ٹیم مقررہ20 اوورزمیں 6 وکٹوں کے نقصان پر 146 بناسکی۔ اوپنرز نے 6 اوورز میں 50 رنز بنا کر اچھا آغاز فراہم کیاتاہم فلپس 12 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر بولڈ ہوگئے، وکٹ کے دوسرے سرے پر موجود کولن منرو نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے58 رنز بنائے ،ان کی اننگز میں 6 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔کپتان کین ولیمسن 11 اور گرینڈ ہومے 6 رنز بناسکے جبکہ تجربہ کار بیٹسمین روس ٹیلر 26 گیندوں پر 42 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے تاہم وہ آخری گیند پر کامیابی کا چھکا نہیں لگا سکے کوشش کے باوجود انکا اسٹروک چوکا ہی ثابت ہوا۔ ٹم ساوتھی نے5 رنزناٹ آوٹ بنائے۔ حسن علی نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاداب خان اور عماد وسیم نے فی کس ایک وکٹ حاصل کی۔آخری اوور میں نیوزی لینڈ کو 17رنز درکار تھے۔ سرفراز نے ایک بار پھر نوجوان بولر شاہین آفریدی پر اعتماد کرتے ہوئے آخری اوور دیا انہوں نے آخری اوور میں 14رنز دیئے۔ سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو پاکستانی ٹیم کا آغاز اچھا نہیں رہا او ر10 رنز پر دونوں اوپنر پویلین لوٹ گئے۔ بابر اعظم 7 اور صاحبزادہ فرحان ایک رن بناسکے۔آصف علی اور محمد حفیظ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 67 رنز کی شراکت قائم کی۔ محمد حفیظ کو 45 رنز بنانے پر مین آف دی میچ کا اعزاز دیا گیا۔آصف علی نے 24 رنز بنائے۔ کپتان سرفراز احمد نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 26 گیندوں پر 34 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 3 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا جبکہ شعیب ملک 8 رنز پر رن آوٹ ہوئے۔ نیوزی لینڈ کے ملین نے 2، پٹیل، سودھی، گرینڈہومے نے فی کس ایک وکٹ حاصل کیا۔