سنسنی خیز مقابلے میں آئرلینڈ دو وکٹوں سے فاتح

برسبین ۔ 25 فبروری۔(سیاست ڈاٹ کام) متحدہ عرب امارات اور آئرلینڈ کے درمیان کھیلا گیا مقابلہ سنسنی خیز طریقہ پر ختم ہوا جس میں آئرلینڈ نے 4 گیندیں قبل کامیابی کیلئے مطلوبہ نشانہ 279 رنز 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا ۔ یہ مقابلہ خصوصاً دوسری اننگز کے آخری لمحات میں کسی بھی ٹیم کے حق میں جاتا دکھائی دے رہا تھا لیکن وکٹ کیپر بیٹسمین گیری ویلسن کے 80 رنز اور آخری اوورس میں جارج ڈاکریل کے پانچ گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے بننے والے 7 رنز نے آئرلینڈ کو کامیابی سے ہمکنار کیا جوکہ گروپ بی میں ٹیم کی یہ دوسری کامیابی ہے جیسا کہ افتتاحی مقابلے میں اس نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ہمالیائی اسکور کا کامیاب تعاقب کرتے ہوئے سب کو حیران کیا ہے ۔ ویلسن نے 69 گیندوں میں 9 چوکوں کی مدد سے تیز رفتار 80 رنز بنائے جبکہ کیون اوبرائن نے اپنے جارحانہ مزاج کو برقرار رکھتے ہوئے 25 گیندوں میں 8 چوکوں اور 2 چھکوں پر مشتمل اننگز میں تیز رفتار 50 رنز اسکور کئے ۔ متحدہ عرب امارات کے بولروں نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا لیکن وہ کامیابی سے ایک قدم دور رہے ۔ امارات کیلئے امجد جاوید نے 60 رنز کے عوض 3 جبکہ محمد نوید اور محمد توقیر نے فی کس 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔ قبل ازیں بیٹنگ کیلئے مدعو کئے جانے کے بعد امارات کی ٹیم نے مڈل آرڈر بیٹسمین شائمن انور کی پہلی سنچری کی بدولت 278/9 رنز اسکور کئے۔ انور نے 83 گیندوں میں 10 چوکوں اور ایک چھکے پر مشتمل اننگز میں 106 رنز بنائے ۔