سندھو نے ورلڈ ٹور فائنلز میں خطاب کے ساتھ تاریخ رقم کی

گوانگ ژو۔16 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) اولمپک اور عالمی چمپئن شپ کی سلور میڈلسٹ ہندوستان کی پی وی سندھو نے سال کے آخری بیڈمنٹن ٹورنمنٹ ورلڈ ٹور فائنلس میں آج خطاب جیت کر نئی تاریخ رقم کی۔ سندھو یہ خطاب جیتنے والی پہلی ہندوستانی کھلاڑی بن گئی ہیں۔ہندوستان کی اسٹار سندھو نے فائنل مقابلے میں دوسرے درجہ کی جاپان کی نزومی اوکوہارا کو ایک گھنٹے دو منٹ طویل مقابلے میں 17۔21، 19۔21 سے شکست دے کر خطاب جیتا۔ سندھو کا2018 میں یہ پہلا خطاب ہے اور اس طرح انہوں نے سال کا اختتام خطاب کے ساتھ کرلیا ۔عالمی درجہ بندی میں چھٹے نمبر کی کھلاڑی سندھو نے پانچویں مقام کی اوکوہارا کے خلاف اپنا ریکارڈ اب سات۔چھ کرلیا ہے ۔ سندھو نے اپنے خطاب سفر کے دوران دنیا کی نمبر ایک کھلاڑی تائی پے کی تائی جے ینگ کو شکست دی تھی۔ سندھو کو2016 ریو اولمپک، 2017 عالمی چمپئن شپ ،2017 ورلڈ ٹور فائنلس، 2018 قومی دولت مشترکہ کھیل، 2018 عالمی چمپئن شپ اور2018 جکارتہ ایشیائی کھیلوں کے فائنلز میں شکست ہوئی تھی اور انہیں سلور میڈل پر ہی اکتفا کرنا پڑا تھا لیکن اب سندھو نے تاریخ رقم کرکے سبھی ہندوستانیوں کا سر فخر سے بلند کردیا ہے ۔سندھو گزشتہ سال اس ٹورنمنٹ کے خطابی مقابلے میں ہار گئی تھیں لیکن دوسری سیڈکھلاڑی کے سامنے انہوں نے اس مرتبہ کوئی غلطی نہیں کی اور خطاب جیت کر ہی دم لیا۔ خطاب جیت کر بے حد پرجوش نظر آنے والی سندھو نے اس جیت کا جشن جذباتی انداز میں منایا۔ یہ اعزازحاصل کرنے والی وہ پہلی ہندوستانی کھلاڑی بن گئی ہیں۔ سمیر ورما کے مردوں کے سیمی فائنل میں شکست کھانے کے بعد سندھو سے پوری امید تھی کہ وہ اس خطاب کو اپنے ہاتھوں سے گنوانے نہیں دیں گے اور انہوں نے اوکوہارا سے پچھلے سال عالمی چمپئن شپ کے فائنل میں ہوئی شکست کا حساب بھی برابر کرلیا۔23 سالہ سندھو نے مقابلے میں شاندار شروعات کرتے ہوئے 6۔11 کی سبقت حاصل کرلی۔ اوکوہارا نے پھر شاندار واپسی کرتے ہوئے اسکور کو 13۔15 کردیا۔ کچھ دیر بعد اسکور 17۔17 ہوگیا لیکن سندھو نے محتاط انداز میں کھیلتے ہوئے اسکور 19۔20 کردیا۔ انہوں نے 19۔21 سے پہلا گیم اپنے نام کیا۔ہندوستانی کھلاڑی نے دوسرے گیم میں بھی شاندار شروعات کرتے ہوئے 0۔2 کی برتری حاصل کی۔ دوسرے گیم میں بریک تک سندھو نے 9 ۔11 سے آگے ہوگئیں۔ سندھو نے جاپانی کھلاڑی کو واپسی کا کوئی موقع نہیں دیا اور دوسرا گیم 17۔21 سے جیت کر خطاب اپنے نام کرلیا۔ اس سے پہلے سائنا نہوال2011 میں عالمی سوپرسیریز فائنلس اور جبکہ2009 میں جوالا گٹا اور وی دیجو کی جوڑی مکسڈ ڈبلز میں رنراپ رہی تھی۔