نئی دہلی۔10اکٹوبر(سیاست ڈاٹ کام) اولمپک اور عالمی چمپئن شپ میں سلورمیڈل حاصل کرنے والی ہندوستان کی بیڈمنٹن اسٹار پی وی سندھو نے # می ٹو موومنٹ کی بحث سے خود کو الگ کر لیا ہے ۔ سندھو نے یہاں ووڈافون کے ایک نئے پروڈکٹ کو لانچ کرنے کے بعد میڈیا سے اس معاملے پر کہا، وہ لوگ جو اس معاملے میں سامنے آئے ہیں اور خود پر کی گئی زیادتی کو سماج کے سامنے رکھ رہے ہیں میں ان کا احترام کرتی ہوں ۔یہ واقعی ایک اچھی بات ہے جن کے ساتھ ایسا کچھ ہوا ہے انہوں نے ان باتوں کو سامنے رکھنے کی ہمت دکھائی ہے ۔ یہ پوچھے جانے پر کہ اپنے کھیل کیریئر کے دوران کبھی انہیں ایسے حالات سے گزرنا پڑا تو سندھو نے تھوڑی خاموشی کے بعد کہا، جہاں تک میری بات ہے ، میرے ساتھ جتنے بھی سینئر اور کوچ رہے ہیں میرا ان کے ساتھ ایسا کوئی تجربہ نہیں ہوا ہے ۔ میں اپنے کیریئر سے مطمئن ہوں اوراس طرح کے مسئلے کا مجھے سامنے نہیں کرنا پڑا ہے ۔ اگلے ٹورنمنٹس کے سلسلے میں سندھو نے کہا کہ ابھی کچھ اور ٹورنمنٹ باقی ہیں اور وہ ان میں اچھی کارکردگی کرنے کے لئے پوری طرح تیار ہیں۔ سندھو نے گزشتہ اگست میں جکارتہ ایشیائی کھیلوں میں سلور جیتا تھا۔ اس سے پہلے انہوں نے گولڈ کوسٹ دولت مشترکہ کھیلوں میں بھی سلور میڈل ہی جیتا تھا۔جہاں سندھو اس معاملے پر زیادہ کچھ کہنے سے دور ہیں وہیں ڈبلز کی کھلاڑی جوالا گٹا نے ذہنی اذیت کی بات کہہ کر اپنے تلخ تجربے کا ذکر کیا ہے ۔