سندھو اور ساکشی ’’سوچھ بھارت ‘‘کے متوقع نئے چہرے

نئی دہلی۔ 4 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ریو اولمپکس میں ہندوستان کیلئے میڈل حاصل کرنے والی بیڈمنٹن کھلاڑی پی وی سندھو اور ریسلر ساکشی ملک کے علاوہ دیپا کرماکر کو سوچھ بھارت مہم میں شامل کئے جانے کا امکان ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے شروع کردہ اس مہم میں کچھ مستقل چہرے موجود ہیں جبکہ ریو اولمپکس میں فتوحات حاصل کرنے والی کھلاڑیوں کو بھی اس میں شامل کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ پینے کا پانی، صحت و صفائی کے سیکریٹری پرمیشورن ایّر نے میڈیا نمائندوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم سوچھ بھارت مہم میں پی وی سندھو اور ساکشی ملک کے علاوہ دیپا کرماکر کو شامل کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مذکورہ خواتین کو اس مہم میں شامل کرنے سے کئی خواتین میں جذبہ پیدا کرسکتے ہیں اور خاص کر دیہی علاقوں کی خواتین میں اس مہم کو مقبول بناسکتے ہیں۔ ایّر نے مزید کہا کہ وہ وزارت اسپورٹس سے مذکورہ خواتین کو سوچھ بھارت مہم میں شامل کرنے کے متعلق اپنے منصوبہ سے آگاہ کریں گے۔ مودی کی جانب سے شروع کردہ اس مہم میں وزیراعظم نے پہلے ہی 27 مستقل افراد کو شامل کیا ہے جن کا زندگی سے مختلف شعبوں سے تعلق ہے، ان میں امیتابھ بچن، سچن تنڈولکر، انیل امبانے اور رام دیو بابا قابل ذکر ہیں۔