سندھو آئندہ سیزن نمبر ایک بننے کی خواہاں

نئی دہلی ۔ 28 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) اولمپک کی سلور میڈل یافتہ ہندوستانی کھلاڑی پی وی سندھو کی تمام تر توجہ آئندہ سیزن عالمی درجہ بندی میں پہلا مقام حاصل کرنے پر مرکوز ہوچکی ہے۔ تاہم وہ درجہ بندی میں پہلے مقام کو اہمیت دینے کی بجائے اپنے مظاہروں پر توجہ مرکوز کررہی ہیں جسے خودبخود درجہ بندی میں ترقی ہوگی۔ سندھو اپنے کیریئر میں عالمی درجہ بندی کا گذشتہ سیزن دوسرا مقام حاصل کیا تھا اور اس مرتبہ وہ پہلا مقام حاصل کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ ممبئی راکٹس کے خلاف اپنی ٹیم چینائی اسمیشرس کی 4-3 کی کامیابی کے بعد سندھو نے کہا کہ آئندہ سیزن میں میں اپنے آپ کو نمبر ایک مقام پر دیکھنا چاہتی ہوں۔ فی الحال میں تیسرے مقام پر فائز ہوں اور ٹورنمنٹس میں بہتر مظاہروں کے ذریعہ میں پہلا مقام بھی حاصل کرسکتی ہوں۔ رواں سیزن 22 سالہ سندھو نے سید مودی، انڈیا اوپن، کوریا اوپن خطابات حاصل کرنے کے علاوہ ورلڈ چمپیئن شپ ہانگ کانگ اوپن اور دبئی سوپر سیریز کے فائنل میں شکست سے دوسرا مقام حاصل کیا ہے۔