نئی دہلی۔ یکم اپریل (سیاست ڈاٹ کام) دولت مشترکہ کھیلوں سے قبل ٹخنے کی چوٹ سے پریشان اولمپکس میں سلور میڈل جیتنے والی پی وی سندھو کو امید ہے کہ وہ بیڈمنٹن مقابلوں کی شروعات سے قبل مکمل طور پر فٹ ہوجائیں گی اور انہیں پورا یقین ہے کہ وہ ہندوستان ان کھیلوں میں کئی تمغے جیتنے میں کامیاب ہوگا۔ واضح رہے کہ سندھو منگل کو گوپی چند اکیڈیمی میں مشق کے دوران زخمی ہوگئی تھیں لیکن اسکیان سے معلوم ہوا ہے کہ ان کی چوٹ زیادہ نہیں ہے جس سے ان کے حمایتیوں کو بڑی راحت ملی ہے۔ 23 سالہ کھلاڑی نے پی ٹی آئی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ تیاریوں کے لحاظ سے میرے لئے سب کچھ بہتر چل رہا ہے۔ بدقسمتی سے میرے ٹخنے میں موچ آگئی ہے لیکن میں پرامید ہوں کہ کھیل شروع ہونے تک میں فٹ ہوجاؤں گا۔ یاد رہے کہ سندھو کو چار سال قبل دولت مشترکہ میں کانسے کے تمغہ جیتا تھا لیکن اس وقت سے لے کر آج تک بہت کچھ بدل چکا ہے اور اب وہ ہندوستان کی اعلیٰ درجے کی شٹلر ہیں اور دولت مشترکہ کھیلوں میں سونے کے تمغے کی مضبوط دعویدار ہیں۔ پی وی سندھو کے مطابق پچھلی بار میں نے کانسے کا تمغہ جیتا تھا اور اس بار میں اپنا سب سے اچھا پرفارمینس دینا چاہتی ہوں۔ میںکوئی متعین تعداد کی نشاندہی تو نہیں کرسکتی لیکن مجھے امید ہے کہ اس بار ہم کافی تمغے جیتیں گے۔ انہوں نے دولت مشترکہ کھیلوں میں ان سے وابستہ توقعات کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ذمہ داریاں بہت زیادہ ہیں اور ہر کوئی چاہتا ہے کہ میں جیت درج کروں۔ مجھے اپنا عمدہ کھیل کھیلنا ہوگا تو پھر حالات بھی ہمارے ہی مطابق ہوں گے۔