سندھوفائنل میں پھر ناکام،سلورمیڈل پر اکتفا

جکارتہ۔28اگسٹ(سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کو ایشیائی کھیلوں میں بیڈمنٹن کی تاریخ کا پہلا گولڈ میڈل دلانے کی امیدیں آج پی وی سندھو کی چینی تائی پے کی تائی جو یِنگ کے خلاف 0۔2 کی شکست سے ساتھ ٹوٹ گئیں حالانکہ اسٹار شٹلرسندھو نے ملک کو ایشیاڈ میں پہلا سلور میڈل ضرور دلایا ہے ۔اٹھارہویں ایشیائی کھیلوں میں خاتون سنگلز فائنل میں دنیا کی نمبر ایک کھلاڑی تائی کے خلاف تیسری سیڈ سندھو کو راست گیموں میں 13۔11، 16۔21 سے34 منٹ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے ساتھ سندھو کو سلور میڈل پر اکتفا کرنا پڑا۔ایک دن قبل سائنا نہوال کو بھی تائی نے سیمی فائنل میچ میں شکست دی تھی جس کے بعد انہیں برونزمیڈل پر صبر کرنا پڑا۔سندھو کے فائنل میں پہنچنے اور سائنا کو برونزمیڈل ملنے سے ایشیائی کھیلوں کے سنگلز مقابلوں میں ہندوستان کی گزشتہ36 برسوں کا قحط ختم ہوگیا ہے ۔ سید مودی نے آخری مرتبہ1982 میں نئی دہلی ایشیائی کھیلوں میں مرد سنگلز زمرے میں برونزمیڈل جیتا تھا۔ ہندوستان کا ان کھیلوں میں یہ بیڈمنٹن کا یہ دوسرا میڈل ہے ۔ 23سالہ سندھو اس شکست سے فائنل میں لگاتار ناکامیوں کا سلسلہ توڑ نہیں سکیں جس کی ان سے امیدکی جارہی تھی۔ وہ2016 کے ریو اولمپک، اس سال کے دولت مشترکہ کھیلوں اور ورلڈ چمپئن شپ کے فائنل میں شکست کے بعد سلورمیڈل ہی جیت پائی تھیں اور آج ایشیائی کھیلوں کے فائنل میں ہی انہیں شکست برداشت کرنی پڑی۔دنیا کی نمبر ایک کھلاڑی تائی کے خلاف شروع سے ہی سندھو دباؤ میں نظر آئیں اور شروع سے ہی پچھڑتی چلی گئی۔ تائی نے افتتاحی گیم میں لگاتار پوائنٹ لیتے ہوئے 5۔0 کی برتری بنائی۔ یہاں کھچا کھچ بھرے جی بی کے بیڈمنٹن اسٹیڈیم میں شائقین نے سندھو کی حوصلہ افزائی کی۔ سندھو نے ایک ایک پوائنٹ کے لئے جد و جہد کی اور ایک وقت تائی کو غلطی کرنے پر مجبور کیا۔ حالانکہ اس وقت بھی سندھو 6۔10 سے پیچھے چل رہی تھیں۔بریک کے وقت ٹاپ سیڈ کھلاڑی نے 11۔7 کی برتری بنائی اور لگاتار پوائنٹ حاصل کئے اور اسکور 20۔13 کیا نیز بہترین اسمیش لگاتے ہوئے 21۔13 سے گیم جیتا۔ دوسرے گیم میں بھی اولمپک میں سلورمیڈل جیتنے والی سندھو اترتے ہی دباؤ میں نظر آئیں۔ تیسری سیڈ سندھو میچ میں سیمی فائنل جیسا جوش نہیں دکھا سکیں اورتائی یکطرفہ انداز میں پوائنٹ لیتی رہیں۔اس وقت سندھو چار پوائنٹ سے 8۔12 پر پچھڑ گئیں۔ سندھو نے پھر غلطی کی اور ایک وقت وہ 10۔15 سے پیچھے ہوگئیں۔ ہندوستانی کھلاڑی نے پھر اچھا اسمیش لگاکر واپسی کی کوشش کی لیکن تائی نے لگاتار پوائنٹ لئے اور اسکور 19۔15 تک پہنچادیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے پر میچ پوائنٹ پھر لمبی ریلی کھیلی اور تائی نے اسے جیتتے ہوئے 21۔16 سے گیم اور میڈل اپنے نام کرلیا۔