سنتوں پر عمل پیرا ہوکر عشق رسول ؐ کا ثبوت دیں

کاغذ نگر ۔ یکم فروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کاغذ نگر کے سنتوش فنکشن ہال میں بعد نماز عشاء ایک عظیم الشان جلسہ زیر صدارت و نگرانی تنظیم اسلامی تہذیب و ثقافت کے روح رواں جناب آصف علی منعقد ہوا۔ جلسہ کا آغاز مولانا احمد مبین قاسمی نقشبندی کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ بعد ازاں زبیر احمد، زید احمد اور حافظ محمد زکریا نے نعت شریف پیش کی۔ بعد ازاں مختلف عنوانات پر علمائے کرام کے خطابات کا آغاز ہوا۔ جلسہ کے ناظم حافظ کبیر الدین نے سب سے پہلے مولانا احمد مبین قاسمی کو نبی کریم کا مکی دور، کے عنوان پر مخاطب کرنے کی دعوت دی۔ مولانا نے موثر انداز میں قرآن و حدیث کی روشنی میں حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت کے مختلف گوشوں کو وضاحت کے ساتھ پیش کیا اور امت مسلمہ کو سیرت طیبہ سے اپنی زندگیوں کو منور کرنے کی ترغیب دی۔ مولانا عبدالسلام خاں نے ’ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کا مدنی دور ‘ کے عنوان پر بڑے ہی دل پذیر انداز میں امت مسلمہ کی موجودہ صورتحال اور آپؐ سے محبت کے تقاضوں کو بیان کیا اور خصوصاً حضور اکرم کی سنتوں پر عمل پیرا ہوکر عشق رسول ؐ کا ثبوت پیش کرنے پر زور دیا۔

جناب محمد بشیرالدین امیر مقامی جماعت اسلامی کاغذ نگر نے ’ نبی اکرم ؐ بحیثیت قائد ‘ عنوان پر پیغمبر انقلاب حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی انقلابی قیادت اور اس کے نتیجے میں معاشرے میں آئی تبدیلیوں اور سماج کے مکمل سدھار سے واقف کروایا اور بتایا کہ ہمیں بھی حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے مشن اور مقصد کو لیکر میدان عمل میں آکر اپنی دنیوی اور اخروی نجات کا سامان کرنے کی ضرورت ہے جس کے نتیجہ میں ہم اللہ کے رسولؐ کے نظام رحمت کے قیام کے لئے اپنا رول ادا کرسکتے ہیں۔ مولانا جمال احمد مظاہری نے ’ حضورؐ بحیثیت معلم ‘ کے عنوان پر مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ امت مسلمہ کو چاہیئے کہ وہ نبی کرم ؐ کی سیرت کو قرآن مجید سے سمجھنے کیلئے مفسرین کی لکھی ہوئی تفاسیر کا مطالعہ کریں کیونکہ قرآن مجید نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت کی تشریح ہے اور آپؐ کی زندگی قرآن مجید کا واضح بیان ہے۔ ہم ایک دوسرے کو علحدہ کرکے سیرت رسول ؐ کو سمجھ نہیں سکتے، ہمیں حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت مبارکہ اور قرآن پاک دونوں کی روشنی میں زندگی کو ڈھالنا چاہیئے جس کے نتیجہ میں امت کے اندر اتحاد و اتفاق کی فضاء قائم ہوگی۔ جلسہ کا اختتام صدر جلسہ جناب آصف علی خاں کے کلمات سے عمل میںآیا۔