سنتوش نگر میں ماوسٹ ہمدرد گرفتار ‘ پستول ضبط

حیدرآباد۔ 6 ڈسمبر (سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس ساؤتھ زون ٹیم نے سنتوش نگر علاقہ میں ایک کارروائی کرتے ہوئے ماؤسٹ کے ہمدرد کو گرفتار کرتے ہوئے ایک شخص کے قتل کا منصوبہ ناکام بنادیا۔ کمشنر پولیس حیدرآباد انجنی کمار نے پریس کانفرنس میں کہا کہ 42 سالہ اڈیلا سرینواس ساکن سنتوش نگر کا تعلق ضلع کریم نگر سے ہے، سال 2001ء میں روزگار کی تلاش میں وہ حیدرآباد منتقل ہوا تھا۔ سنتوش نگر میں مکان حاصل کرنے کے بعد وہ ٹیلرنگ کا کام کرنے لگا اور بعدازاں اس نے ایک آٹو بھی خریدا۔ سال 2012ء میں سرینواس نے 10 لاکھ روپئے میں ایک مکان خریدا لیکن معاشی تنگی کے نتیجہ میں اس نے اسی علاقہ کے رہنے والے اشوک کے پاس اپنا مکان رہن رکھ دیا اور اسے سود کی رقم ادا کرتا تھا۔ اشوک نے سرینواس کی معاشی تنگی کا فائدہ اٹھاکر فرضی دستاویزات کے ذریعہ عدالت میں مقدمہ دائر کیا اور سرینواس کے مکان کو ہڑپنے کی کوشش کی۔ اشوک کی اس حرکت سے برہم سرینواس نے انتقام لینے کی غرض سے وہ اترپردیش جاکر وہاں سے دیسی ساختہ پستول اور کارتوس خریدکر انہیں حیدرآباد منتقل کیا اور قتل کا منصوبہ تیار کیا۔ ٹاسک فورس پولیس نے سرینواس کے منصوبہ کو ناکام بناتے ہوئے اسے بروقت گرفتار کرلیا اور اس کے قبضہ سے ہتھیار برآمد کرلئے۔