سمیع نے 56/6 کے ذریعہ کرئیر کی بہترین بولنگ کی
287 رنز کے تعاقب میں مہمان ٹیم 112/5
آخری دن آسٹریلیاکو 5 وکٹیں اور کوہلی کی ٹیم کو 175 رنز درکار
پرتھ ۔ 17 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) پرتھ ٹسٹ کے چوتھے دن ہندوستانی فاسٹ بولر محمد سمیع کی انتہائی شاندار بولنگ کے باوجود مہمان ٹیم پر شکست کے بادل منڈلا رہے ہیں جیسا کہ دن کے اختتام پر ہندوستانی ٹیم کامیابی کیلئے مطلوبہ نشانہ 287 رنز کے جواب میں صرف 112 رنز اسکور کئے ہیں لیکن اس کی پانچ وکٹیں پویلین لوٹ چکی ہیں۔ آخری مخصوص بیٹسمینوں کی جوڑی ہنوماوہاری اور رشپھ پنت وکٹ پر موجود ہیں جیسا کہ وہاری نے 24 رنز اسکور کئے ہیں جبکہ پنت نے 9 رنز بنائے ہیں۔ وہاری نے 58 گیندوں میں چار چوکے بھی لگائے جبکہ تیز رفتار بیٹنگ کیلئے مشہور پنت 19 گیندوں میں صرف 9 سنگلس رنز ہی بنائے ہیں۔ مقابلہ کے آخری دن ہندوستان کو جہاں ہنوز 175 رنز بنانے ہیں وہیں آسٹریلیا کو سیریز برابر کرنے کیلئے پانچ وکٹیں درکار ہیں اور جس طرح وکٹ پر غیرمتوقع اور غیرمتوازن اچھال ہے اس سے آسٹریلیائی ٹیم کی کامیابی کے امکانی روشن ہیں خاص کر کہ اس وکٹ پر میزبان اسپنر لیتھن لیون کا سامنا کرنا انتہائی مشکل ہورہا ہے کیونکہ انہوں نے چوتھے دن ہی ہندوستان کے اہم کھلاڑی ویراٹ کوہلی کو بھی پویلین پہنچا دیا ہے۔ قبل ازیں آسٹریلیائی ٹیم نے آج اپنی اننگز کا 132/4 سے آغاز کیا اور کھانے کے وقفہ تک پہلے سیشن میں اس نے کوئی وکٹ گنوائے بغیر سبقت میں اضافہ کرنا شروع کیا لیکن کھانے کے وقفہ کے بعد اچانک محمد سمیع کا روپ ہی تبدیل ہوگیا جنہوں نے یکے بعد دیگرے وکٹیں حاصل کرتے ہوئے اپنے کریئر کی بہترین بولنگ کی۔ محمد سمیع نے پہلے عثمان خواجہ (72) اور ٹم پین (37) کو آوٹ کرنے کے بعد لوور آرڈر کے بیٹسمینوں کو بھی جلد پویلین لوٹا دیا۔ سمیع نے 56 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں اور یہ ان کے کریئر کی بہترین بولنگ ہے۔ آسٹریلیا کو دوسری اننگز میں 243 رنز پر آوٹ کرنے کے بعد ہندوستان کو کامیابی کیلئے 287 رنز کا نشانہ ملا لیکن اس کی شروعات انتہائی مایوس کن رہی۔ چائے کے وقفہ پر ہندوستانی ٹیم دو وکٹوں کے نقصان پر صرف 15 رنز بنائے تھے اور آوٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں اوپنر کے ایل راہول (0) اور چیٹیشیور پجارا (4) شامل تھے جس کے بعد پہلے ویراٹ کوہلی (17) اور پھر مرلی وجئے (20) پویلین لوٹ گئے۔ دن کے اختتام پر ہندوستانی ٹیم پانچ وکٹوں کے نقصان پر 112 رنز بنائے ہیں۔ آسٹریلیا کیلئے لیون نے 30 رنز کے عوض 2 جبکہ ہیزل ووڈ نے 24 رنم کے عوض دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر مچل اسٹارک نے 28 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔ یادر ہے کہ پہلے ٹسٹ میں ہندوستانی ٹیم نے 31 رنز کی کامیابی کے ساتھ 1-0 کی سبقت حاصل کی ہے۔