پرتھ ۔17 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) دوسرے ٹسٹ کے چوتھے دن ایک وقت آسٹریلیا نے ہندوستانی ٹیم پر دباو بنادیا تھا لیکن کھانے کے وقفہ کے بعد محمد سمیع نے اپنی قہر برپا کرتی گیندوں سے پورا کا پورا کھیل پلٹ کر رکھ دیا۔ سمیع نے پرتھ ٹسٹ کی دوسری اننگز میں 6 وکٹ لئے ، جس میں سے چار وکٹیں تو انہوں نے کھانے کے وقفہ کے بعد لئے۔ کھانے کے وقفہ کے بعد تک آسٹریلیا کا اسکور چار وکٹ پر 190 رن تھا اور عثمان خواجہ اور کپتان ٹم پین میدان پر ڈٹے تھے لیکن جیسے ہی کھانے کے وقفہ کے بعد کا کھیل شروع ہوا ، محمد سمیع نے پہلے ہی اوور میں ٹم پین اور ایرون فنچ کا وکٹ لے لیا۔ سمیع نے خواجہ کو آوٹ کرکے آسٹریلیائی ٹیم کی کمر توڑ دی۔ اس کے ساتھ ہی ان کے پانچ وکٹ بھی ہوگئے۔ کچھ دیر بعد سمیع نے لاین کو بھی اپنی شارٹ گیند پر شکار بنالیا اور اپنے کیریئر کی سب سے بہتر بولنگ کی۔ محمد سمیع نے پہلی مرتبہ ٹسٹ میچ کی ایک اننگز میں چھ وکٹ لئے ہیں۔ اس سے پہلے ان کا بہتر مظاہرہ 28 رن دے کر پانچ وکٹ تھا۔ یاد رہے کہ محمد سمیع نے اس سال بیرون ممالک میں جملہ41 وکٹ حاصل کئے ہیں۔ ہندوستان کے کسی بھی بولر نے ایک کلینڈر سال میں بیرون ممالک اتنے وکٹ نہیں لئے ہیں۔ حیرانی کی بات یہ ہے کہ پہلی اننگز میں انہوں نے صرف ایک وکٹ لیا ہے جبکہ باقی 40 وکٹ انہوں نے دوسری اننگز میں لئے ہیں۔ محمد سمیع نے ٹسٹ میچ میں چوتھی مرتبہ پانچ وکٹ لئے ہیں۔ سمیع نے دوسری اننگز میں تین مرتبہ پانچ وکٹ لئے ہیں اور پہلی اننگز میں انہوں نے صرف ایک مرتبہ یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔