محبوب نگر 21 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) پولیس عوام کے ساتھ دوستانہ تعلقات قائم کرتے ہوئے امن و ضبط کو برقرار رکھ سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار وائی گنگادھر ڈی آئی جی حیدرآباد رینج نے مستقر محبوب نگر پر ضلع پولیس عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہاکہ سماج کی تعمیر کے لئے پرامن فضاء نہایت ضروری ہے۔ جس کے لئے عوام کا تعاون حاصل کرتے ہوئے پولیس کو اپنے فرائض ادا کرنا ہوگا۔ انھوں نے ’’فرینڈلی پولیس‘‘ کے تحت عوام کی حفاظت کیلئے کوئی کسر اُٹھا نہ رکھنے کی ہدایت دی اور کہاکہ بس اسٹانڈس، ریلوے اسٹیشن، سنیما تھیٹرس اور لاج میں سی سی کیمروں کی تنصیب کے اقدامات کئے جائیں۔ جن مقامات پر جرائم اور گڑبڑ کے متوقع اندیشے ہیں وہاں پر خصوصی نظر رکھی جائے۔ بدلتے حالات کے پیش نظر پولیس اپنی کارکردگی میں بھی ضروری تبدیلاں لائے۔ اُنھوں نے ضلع پولیس کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ جرائم کی تہہ تک پہونچنے کے لئے پولیس صحیح سمت میں اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہے۔ اُنھوں نے خواتین کی حفاظت، مظالم کی روک تھام اور ہراسانی کے انسداد کیلئے مناسب اقدامات کرنے کی ہدایت دی اور کہاکہ فاکسو اور نربھئے جیسے ایکٹ کے تعلق سے عوام میں شعور بیدار کیا جائے اور ڈائل 100 کی مکمل تفصیلات سے بھی عوام کو واقف کرایا جائے۔ زیرالتواء کیسیس کی عاجلانہ یکسوئی کے لئے بھی اُنھوں نے ہدایت دی۔ خون کا عطیہ کیمپ منعقد کرنے پر اُنھوں نے ضلع پولیس کی سراہنا کی۔ ضلع کا پہلی مرتبہ دورہ کررہے ڈی آئی جی کا ضلع ایس پی وشوا پرساد نے گلدستہ پیش کرتے ہوئے خیرمقدم کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ایس پی ملاریڈی، ڈی ایس پیز کرشنا مورتی ، رامیشور راؤ، ڈرونا چاریلو، سرینواس ریڈی اور دیگر موجود تھے۔