سفر حج میں علم اور حلم کی ضرورت

کوڑنگل میں عازمین حج کی تہنیتی تقریب، مولانا نورالدین ، مولانا عبدالرشید کا خطاب
کوڑنگل۔/26جولائی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)مدرسہ عربیہ دارالعلوم کوڑنگل انتظامیہ کے زیر اہتمام گزشتہ روز8 بجے شب بڑے پیمانے پر عازمین حج کی تہنیتی تقریب کا کامیاب انعقاد عمل میں آیا۔ مولانا عبدالرحیم کوسگی نے جلسہ کی صدارت کی جبکہ جناب حافظ محمد یوسف نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔ محمد مولانا طالب علم مدرسہ ہذا کی قرأت کلام پاک سے جلسہ کی کارروائی کا آغاز ہوا۔ مسرز عمران خان، محمد امجد طلبائے مدرسہ کے علاوہ معلم مدرسہ غلام رحمانی نے نعتیں پیش کیں۔ مولانا حافظ محمد عبدالرشید امام و خطیب جامع مسجد نے مخاطب کرتے ہوئے مکہ مکرمہ کے تاریخی پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور کہا کہ کعبۃ اللہ شریف کی تعمیر کے بعد حضرت ابراہیم علیہ السلام نے جو آواز لگائی اللہ تعالیٰ نے وہ آواز جن تک پہنچائی اور جنہوں نے لبیک کہا ۔ انہیں حج کی سعادت نصیب ہوتی ہے۔ مولانا نور الدین رشادی نے اپنے خطاب میں عازمین حج سے کہا کہ سفرحج میں علم اور حلم کی ضرورت ہے۔ مولانا موصوف نے حاضرین جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایمان کی حفاظت اور ایمان پر خاتمہ کیلئے نظرکی حفاظت، اذان کے وقت بات نہ کرنا، تکبیر اولیٰ کے ساتھ نماز پڑھنا، مسواک کرنا، صدقہ دینا، اولیاء اللہ کی صحبت اور ذکر اللہ کی کثرت پر زور دیا۔ عازمین حج مسرز عبدالقیوم، انوار حسین، ثناء اللہ خاں انگڑی رائچور، صدام حسین، شیخ محبوب موظف محکمہ مال، حافظ نعمت اللہ کوسگی، عبدالحئی راول پلی اور قاضی معراج الدین وغیرہ کی بکثرت گلپوشی و شال پوشی کی گئی۔ اہم شرکاء میں مسرز سید انور حسین، شیخ مختار احمد صدیقی، عبداللہ خاں اجمیر، محمد قاسم، تاجر پارچہ، سید شہباز پاشاہ قادری، محمد رحمت خان، حافظ عبدالکریم شرفی امام مکہ مسجد، عبدالحلیم اے سی سی، عبدالقادر عرف عبدل وغیرہ قابل ذکر ہیں۔ ناظم جلسہ حافظ محمد یوسف نے انکشاف کیا کہ اس سال حلقہ اسمبلی کوڑنگل سے مرد و خؤاتین کے بشمول جملہ 29 عازمین حج، حج کمیٹی اور ٹراویلس کے ذریعہ سفر حج پر روانہ ہوں گے۔ حافظ محمد نصیر احمد سراجی صدر مدرسہ کی معیت میں اساتذہ و طلباء نے انتظامات میں کافی دلچسپی لی۔