کراچی 10 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی آف اسپنر سعید اجمل کی برسبین سے حاصل ہونے والی رپورٹ تشویشناک ہیجس نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام کو پریشانی میں مبتلا کردیا ہے اور سعید اجمل کے بین الاقوامی کیریئر پر شدید سوالیہ نشان لگ چکا ہے۔ بائیو میکانک معائنے کے مطابق وہ کہنی کو پندرہ کی بجائے تقریباً تیس ڈگری تک موڑ دیتے تھے۔اور یہ آئی سی سی فوائد کے مطابق 15 ڈگری کی بجائے دوگنی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ برسبین کے نیشنل سنٹر میں سعید اجمل کے بولنگ کو ایکشن کو’’ تھری ڈی ‘‘ٹیکنالوجی کی مدد سے جانچا گیا اور حیران کن طور پر نیشنل سنٹر برسبین میں ان کی ایک بھی گیند پندرہ ڈگری کے مروجہ قانون کے مطابق نہ تھی۔برسبین میں تمام سائنٹیفک شواہد سعید اجمل کیخلاف ہیں۔سعید اجمل کا بولنگ ایکشن جب2009میں مشکوک قرار دیا گیا تھا تو ان کے خفیہ ہتھیار دوسرے پر اعتراض کیا گیا تھا اب امپائروں نے ان کے پورے بولنگ ایکشن پر اعتراض کیا ہے۔جب یہ حقائق بورڈ کے اعلی حکام کے سامنے رکھے گئے تو سعید اجمل کا معاملہ بولنگ اپیل کی بجائے غیر قانونی بولنگ ایکشن والی کمیٹی کے سپرد کیا گیا ہے اور سعید اجمل کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ زبان بند رکھیں۔ان کو مکمل طور پر بیان بازی سے روک دیا گیا ہے۔دوسری جانب لاہور میں پاکستان کرکٹ ٹیم انتظامیہ نے کراچی کے آف اسپنر عاطف مقبول کو طلب کر لیا ہے۔ان کے علاوہ اسامہ میر،شاہ زیب حسن ،عدنان رسول ،یاسر شاہ کی بولنگ کے بھی معائنے کئے جارہے ہیں تاکہ ان میں سے بہترین اسپنر کو آسٹریلیا کی سیریز میں کھلایا جائے۔عبدالرحمن،رضاحسن اور ذوالفقار بابر کو بھی موقع دیا جاسکتا ہے۔