کراچی۔29 مئی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) پی سی بی نے فیصلہ کیا ہے کہ اسٹار آف اسپنر سعید اجمل کو سری لنکا کے خلاف سیریز کیلئے زیر غور نہیں لایا جائے گا۔ بنگلہ دیش کیخلاف سیریز میں ناقص کارکردگی کے بعد انہیں ڈومیسٹک اور کاؤنٹی میچز کھیلنے کی تلقین کی گئی تھی لہٰذا وہ سری لنکا کیخلاف آئندہ سیریز میں ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے ۔ سعید اجمل نے اس خصوص میں کہا کہ ان کا خود بھی سری لنکا کیخلاف سیریز کھیلنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ وہ انگلش کاؤنٹی چیمپئن شپ میں کھیلنے کیلئے آئندہ ماہ کے اوائل میں انگلینڈ جائیں گے کیونکہ ذاتی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے مزید پریکٹس کی ضرورت ہے۔ پی سی بی کی جانب سے نظر انداز کرنے سے متعلق انھوں نے کہاکہ ایسی کوئی بات نہیں ہے کیونکہ وہ خود سری لنکاکے خلاف سیریز کھیلنا نہیں چاہتے اور اپنی بولنگ میں بہتری ان کی اولین ترجیح ہے ، اس مقصد کیلئے مقررہ نشانہ حاصل کرنے کے بعد وہ دوبارہ جلد ایکشن میں نظر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ و ہ کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے کیلئے 2 جون کو انگلینڈ جا رہے ہیں،پاکستان کرکٹ بورڈ نے جب بھی کھیلنے کی دعوت دی تو ان کی خدمات حاضر ہیں۔اپنی فارم کے حوالے سے ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ وہ اچھی فارم میں ہیں اور ہروقت کھیلنے کیلئے پر اعتماد رہتے ہیں۔