سعید اجمل کا بولنگ ایکشن درست قرار دیدیا گیا

دوبئی 7 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کے اسٹار آف اسپنر سعید اجمل کو بین الاقوامی کرکٹ دوبارہ کھیلنے کی آج منظوری مل گئی جبکہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی منظورہ ایجنسی نے ان کے بولنگ ایکشن کو درست قرار دیدیا ہے ۔ اس تبدیلی کے بعد ورلڈ کپ کیلئے پاکستانی ٹیم میں سعید اجمل کی شمولیت کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ایک اعلامیہ میں توثیق کی کہ سعید اجمل کیلئے ان کے بولنگ ایکشن کو بہتر بنانے کچھ تشخیص کیا گیا تھا اور ان کے دوبارہ ٹسٹ بھی کئے گئے ہیں۔ سعید اجمل اور بنگلہ دیش کے بولر سہاگ غازی کے بولنگ کے ایکشنس درست پائے گئے ہیں اور اب یہ دونوں ہی کھلاڑی انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کیلئے آزاد ہیں ۔ 37 سالہ سعید اجمل کو گذشتہ سال ماہ ستمبر میں مشتبہ بولنگ ایکشن کی وجہ سے بین الاقوامی کرکٹ سے معطل کردیا گیا تھا ۔ وہ گذشتہ سال برسبین میں ہوئے اپنے پہلے ٹسٹ میں ناکام ثابت ہوئے تھے ۔ بعد ازاں ان کا دوبارہ ٹسٹ 24 جنوری کو رام چندرا یونیورسٹی اسپورٹس میڈیسن سنٹر چینائی میں کیا گیا جہاں یہ پایا گیا کہ ان کا بولنگ ایکشن آئی سی سی قوانین کے عین مطابق ہے اور اس کی خلاف ورزی نہیں ہوتی ۔

آئی سی سی نے اپنے اعلامیہ میں کہا کہ دوبارہ ٹسٹوں میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ ان کے ہاتھ میں پھیراؤ مقررہ پیمانہ کے مطابق ہے اور اس کے مطابق ان کا بولنگ ایکشن درست قرار دیا جاتا ہے ۔ سعید اجمل نے 14 فبروری سے شروع ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ کیلئے پاکستانی ٹیم سے دوری اختیار کرلی تھی ۔ یہ ورلڈ کپ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں شروع ہو رہا ہے ۔ تاہم اب چونکہ ان کے بولنگ ایکشن کو درست قرار دیدیا گیا ہے دیکھنا یہ ہے کہ انہیں آخری لمحات میں پاکستانی ٹیم میں شامل کیا جاتا ہے یا نہیں۔ کوئی بھی ٹیم کسی زخمی کھلاڑی کے بدلے ٹیم میں کسی کھلاڑی کو شامل کرنے کی خواہش کرسکتی ہے اور آئی سی سی کی ایک ذمہ دار کمیٹی اس تعلق سے کوئی قطعی فیصلہ کرتی ہے ۔ اجمل کے ایکشن کے خلاف سری لنکا کے خلاف گذشتہ سال اگسٹ میں گالے میں ہوئے ٹسٹ کے دوران شکایت درج کروائی گئی تھی ۔ سہاگ غازی کے خلاف بھی اسی سال اگسٹ میں شکایت کی گئی تھی جب وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف گرینیڈا میں دوسرا ونڈے کھیل رہے تھے ۔