ریاض۔ 30 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) دنیا بھر میں عموما مردوں کی جانب سے صنف نازک کو ہراساں کرنے کی شکایات سامنے آتی ہیں مگر سعودی عرب میں اس معاملے پر الٹی گنگا بہتی دیکھی گئی ہے۔ کثیرالاشاعت عرب روزنامہ ’’مکہ‘‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق جدہ کے ایک سب سے بڑے شاپنگ مال کے سیکیورٹی حکام کو خواتین کی جانب سے مردوں کو ہراساں کئے جانے کی باضابطہ طور پر 16 شکایات موصول ہوئی ہیں۔اخبار کے مطابق ان میں سے اکثر شکایات زبانی ہراسانی کی تھیں جن میں خواتین کی جانب سے مردوں کو چھیڑنے اور ان کا تعاقب کرنے کے واقعات شامل ہیں۔ کئی ایک واقعات میں خواتین نے مردوں پر الزام لگایا کہ وہ ان کا تعاقب کررہے ہیں، حقیقت میں اس کے برعکس ہوتا تھا۔شاپنگ مال کے جنرل مینیجر ریان قدوری نے کہا کہ خریداری مرکز کے محکمہ سیکیورٹی کو مردوں کی جانب سے شکایات موصول ہوئی ہیں اور شاپنگ مال میں لگے خفیہ نگرانی کیلئے نصب کیمروں نے ان کے دعوؤں کی تصدیق کی ہے۔ قدوری کے مطابق کئی مردوں نے بدنامی کے ڈر سے خواتین کے خلاف شکایت درج نہیں کرواتے جبکہ کچھ خواتین کا یہ خیال ہے کہ شادی کی خواہش مند لڑکیاں ، مردوں کو ہراساں کرتی ہیں۔