سعودی عرب کے وزیر خارجہ کا عہدہ پر طویل ترین میعاد تک فائز رہنے کا ریکارڈ

ریاض ۔ 10 مارچ۔(سیاست ڈاٹ کام)سعودی عرب کے وزیر خارجہ پرنس سعود الفیصل نے شاہ سلمان کی نئی کابینہ کے رکن کی حیثیت سے حلف لیا اور اس طرح انھیں یہ ایسا عہدہ تفویض کیا گیا ہے جس پر وہ گزشتہ 40 برس سے فائز ہیں۔ مسٹر سعود کو سب سے پہلے 1975 ء میں وزیر خارجہ نامزد کیا گیا تھا اور دنیا میں وزیر خارجہ کی حیثیت سے طویل ترین عرصہ پر فائز ہونے کا ریکارڈ بنانے والے مسٹر سعود نے یہ عزم کیا تھا کہ وہ اپنے فرائض دیانتدارانہ اور ذمہ دارانہ طورپر نبھانے کا سلسلہ جاری رکھیں گے ۔ ریاض کے یمامہ پیالیس میں انھوں نے اپنے عہدہ کا حلف لیا۔ سعود الفیصل 1940 ء میں پیدا ہوئے ۔ 23 جنوری کو شاہ عبداﷲ کے انتقال کے بعد جب شاہ سلمان نے حکومت کی باگ ڈور سنبھالی تو اُس وقت مسٹر سعود امریکہ میں پیٹھ کے درد کا علاج کروارہے تھے ۔ شاہ سلمان نے حکومت سازی میں نئی تبدیلیاں کیں تاہم کچھ اہم وزارتوں کے لئے انھوں نے پرانے سیاستدانوں بشمول سعود کو برقرار رکھا۔ مسٹر سعود کے علاوہ وزیر تیل علی النعمی جو گزشتہ 20 سال سے خدمات انجام دے رہے ہیں ، انھیں برقرار رکھا گیا جس کے بعد تجزیہ نگاروں کا یہ خیال ہے کہ مملکت میں اب تیل کی اور خارجہ پالیسیوں میں نمایاں تبدیلیاں دیکھی جائیں گی ۔ شاہ سعود کا دور حکومت شروع ہوئے ابھی زیادہ عرصہ نہیں گزرا ہے لیکن مملکت کو عالمی پیمانے پر قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھا جارہا ہے خصوصی طورپر سعودی عرب کے ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن میں شمولیت کے بعد ۔