تہران ۔ 27 اپریل ۔ ( سیاست ڈاٹ کام )ایران کی طاقتور ریولیشنری گارڈس کے کمانڈر نے سعودی عرب پر اعتمادشکنی کا الزام عائد کیا۔ انھوں نے کہاکہ یمن پر بمباری نے سعودی عرب کو بھی حریف دشمن اسرائیل کی صف میں لاکھڑا کیا ہے ۔ جنرل محمد علی جعفری کا یہ تبصرہ ایران اور سعودی عرب کے مابین ابتر روابط میں اضافہ کا ثبوت ہے ۔ ایران کے روحانی پیشوا اور دیگر کئی سرکردہ عہدیداروں نے یمن میں بمباری پر سعودی عرب کو تنقیدوں کا نشانہ بنایا تھا ۔ محمد علی جعفری نے ایران کے عہدیداروں پر زور دیا ہے کہ وہ ماضی کی روش کو بدلیں اور سعودی عرب کے خلاف کھل کر اظہار خیال کریں۔ انھوں نے کہاکہ آج سعودی عرب نے اپنے اقدامات کے ذریعہ یہ ثابت کردیا ہے کہ وہ بھی اسرائیل اور یہودیوں کی راہ پر چل رہا ہے ۔ سرکاری خبررساں ایجنسی ارنا نے محمد علی جعفری کے حوالے سے یہ بات کہی ۔ انھوں نے کہا کہ اب جبکہ سعودی عرب کا موقف واضح ہوچکا ہے لہذا تمام تحفظات کو بالائے طاق رکھنا چاہئے ۔ آج سعودی شاہی حکومت زوال کی راہ پر آچکی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ایران کے سیاسی قائدین کو سعودی عرب کے خلاف واضح موقف اختیار کرنا ضروری ہے۔