سعودی عرب کیلئے تیل کی پیداوار میں کمی ’’ نا ممکن ‘‘ ۔ وزیر تیل کا بیان

ریاض 18 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) اوپیک ممالک میں سب سے زیادہ تیل پیدا کرنے والے ملک سعودی عرب کیلئے اپنی پیداوار میں کمی کرنا ممکن نہیں ہے کیونکہ مسابقتی دباؤ بہت زیادہ ہے حالانکہ قیمتوں میں کمی آتی جا رہی ہے ۔ مملکت کے وزیر تیل نے یہ بات بتائی ۔ سعودی عرب کے وزیر تیل علی النعیمی نے اس بات کی تردید کی کہ تیل کی پیداوار کے تعلق سے فیصلوں میں سیاسی اغراضـ بھی ہوسکتی ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں حالات بہتر ہوسکتے ہیں حالانکہ تیل کی قیمتوںمیں جون کے بعد سے پچاس فیصد کا اضافہ ہوا ہے ۔ النعیمی کا سعودی پریس ایجنسی نے یہ کہتے ہوئے حوالہ دیا کہ سعودی عرب کیلئے یہ مشکل ہوگا بلکہ نا ممکن بھی ہوسکتا ہے کہ وہ ایسے کوئی اقدامات کریں جن کے نتیجہ میں عالمی تیل مارکٹ میں ان کی حصہ داری میں کمی آئے یا دوسروں کو پیداوار میں اضافہ کا موقع مل سکے ۔

انہوں نے کہا کہ اوپیک تنظیم میں شامل ممالک کی تیل کی پیداوار میں کئی برسوں سے کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے تاہم اس تنظیم میں شامل ممالک نے اپنی پیداوار میں زبردست اضافہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قیمتوں میں اتار چڑھاؤ تمام اشیا بشمول تیل کیلئے معمول کی بات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سست رفتار عالمی ترقی ‘ سپلائی میں اضافہ اور تیل کی طلب میں کمی کے نتیجہ میں قیمتوں میں کمی آئی ہے اور اس صورتحال سے دنیا کو عارضی طور پر ہی نمٹنا ہوگا ۔ یہ صورتحال مستقل نہیں ہوسکتی ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال کے بعد دنیا کی معیشت اور خاص طور پر ابھرتے ہوئے ممالک کی معیشتیں بہتر انداز میں ترقی کر پائیں گی ۔