سعودی عرب کو کلیدی تیل شعبہ میں سرمایہ کاری کی دعوت

نئی دہلی / ریاض۔ 29۔ اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) تیل کی دولت سے مالا مال سعودی عرب کے ساتھ توانائی کے شعبہ میں روابط کو گہرا کرنے کی کوشش میں ہندوستان نے دنیا کے سب سے بڑے تیل برآمد کنندہ کو خام تیل کی ذخیرہ اندوزی اور دیگر اہم سہولیات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے۔ وزیر تیل دھرمیندر پردھان نے اپنے پہلے دورہ ریاض پر اعلیٰ سطح کے وفد کی قیادت کرتے ہوئے سعودی وزیر تیل علی النعیمی سے ملاقات کرتے ہوئے تیل اور گیس کے شعبوں میں تعاون کی پیشکش کی۔ سعودی عرب خام تیل کے معاملہ میں ہندوستان کا سب سے بڑا سربراہ کنندہ ملک ہے، جو اس کی تیل کی ضروریات کے زائد از 20 فیصد حصہ کی پابجائی کرتا ہے۔ سرکاری بیان کے مطابق بات چیت کے دوران مختلف موضوعات پر غور و خوض کیا گیا جن میں خام تیل اور ایل پی جی کیلئے ہندوستان کی اضافی ضرورت، سرمایہ کاری کے مواقع، ریسرچ اور ڈیولپمنٹ میں تعاون اور جی۔20 اور بین الاقوامی انرجی فورم سے متعلق عالمی مسائل شامل ہیں۔ طرفین نے سعودی عرب اور ہندوستان کی انرجی کے موثر استعمال سے متعلق پالیسیوں اور پروگراموں میں تعاون کے شعبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔