سعودی عرب میں پہلی مسلمہ خاتون ٹورسٹ گائیڈ

ریاض۔30 ڈسمبر۔(سیاست ڈاٹ کام)سعودی عرب میں سیاحت کے شعبے میں رہنمائی کیلئے اب تک مردوں کا غلبہ رہا ہے مگر مملکت میں پہلی بار ایک خاتون کو ’ٹوریسٹ گائیڈ ‘کا لائسنس جاری کیا گیا ہے۔’العربیہ‘ کے مطابق حنان بنجر سعودی عرب کی پہلی لیڈی ٹوریسٹ گائیڈ کا لائسنس حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہیں۔حنان بنجر کو یہ لائسنس جاری کرنے سے قبل جنرل ٹوررزم اتھارٹی اورقومی ثقافتی مرکز کے زیراہتمام متعدد کورسز کرائے گئے۔ اس کے علاوہ مختلف عرب ممالک میں حجاج کرام کے طواف اور دیگر امور کی رہنمائی کیلئے کام کرنیوالے اداروں کے تعاون سے بھی انہیں رہنمائی بہم پہنچائی گئی۔ اس دوران حنان بنجر کو سیاحت کے فروغ اور سیاحوں کی رہنمائی بالخصوص مکہ معظمہ کے تاریخی اور سیاحتی مقامات کے بارے فیلڈ پروگرامات کی مدد سے انہیں سیاحت کی گائیڈ کے طورپرتعینات کیا گیا۔حنان بنجر نے ’العربیہ‘ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں نے سیاحت کے شعبے میں اپنے شوہر کے توسط سے آئی۔ میرے شوہر بیرون ملک طواف اور حج کے اُمور کی رہنمائی فراہم کرتے ہیں اور انہوں نے پانچ سال ملائیشیا میں گذارے۔ اس دوران میں نے بھی شوہر کے ہمراہ بعض سیاحتی پروگراموں میں حصہ لیا۔ وہ ہمیشہ سیاحت کے لیڈی گائیڈ کے لائسنس کے حصول کی ترغیب دیتے رہے۔ انہوں نے بیرون ملک مختلف ٹورازم تنظیموں کے ساتھ کورسز کرائے۔