ریاض ۔ 21 مئی (پی ٹی آئی) ہندوستان اور سعودی عرب نے جدہ میں ایمگریشن حکام کی جانب سے جدید ہندوستانی پاسپورٹ کو قبول کرنے سے انکار کے مسئلہ کو حل کرلیا ہے۔ اس مسئلہ کے سبب ہندوستانی تارکین وطن میں تشویش کی لہر دوڑ گئی تھی۔ سعودی عرب میں سفیر ہند حامد علی راؤ میں سعودی عرب کے نائب وزیرداخلہ ڈاکٹر احمد الصالح سے اس ضمن میں بات چیت کی اور شکایت کی کہ جدہ کے ایمگریشن حکام جدید ہندوستانی پاسپورٹ قبول کرنے سے انکار کررہے ہیں۔ مسٹر حامد علی راؤ نے ڈاکٹر احمد الصالح سے کہا کہ ہندوستانی سفیر دستاویز کی جدید تزائین کی گئی ہیں چنانچہ اس کو قبول کیا جانا چاہئے۔ ہندوستانی سفارتخانہ کے ڈپٹی چیف آف مشن سبی جارج نے کہا کہ جدہ میں یہ مسئلہ درپیش تھا غالباً مقامی حکام جدید ہندوستانی پاسپورٹ سے واقف نہیں تھے۔
عمان میں خاتون کار ڈرائیورس کے حجاب پر امتناع کی تجویز
ریاض ۔ 21 مئی (اے پی) سعودی عرب کے ایک آن لائن اخبار نے کہا ہیکہ سلطنت عمان کار ڈرائیونگ کے دوران خواتین کے حجاب پر پابندی عائد کرنے کی ایک تجویز پر غور کررہی ہے۔ الوطن کی خبر کے مطابق خلیجی ٹاؤن کونسل کے ٹریفک پولیس محکمہ کے سربراہان کے ایک اجلاس میں سلطنت عمان میں یہ تجویز پیش کی۔ عمانی مندوب نے کہا کہ کار چلاتے وقت خواتین کا حجاب استعمال کرنا دراصل ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ہے کیونکہ خواتین کے چہرے پر نقاب رہنے کی صورت میں نظر متاثر ہوتی ہے اور حادثات کا خطرہ رہتا ہے۔ خلیجی ممالک کے ٹریفک پولیس سربراہان کا اجلاس سعودی عرب کے شہر جدہ میں منعقد ہوا تھا جس میں چھ خلیجی ممالک کے ٹریفک قوانین کو یکساں بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سعودی عرب میں اس تجویز پر کوئی ردعمل کا اظہار نہیں کیا کیونکہ سعودی عرب میں تقریباً تمام ہی خواتین حجاب استعمال کرتی ہیں اور وہاں خواتین کو کار چلانے کی اجازت نہیں ہے۔