ریاض ۔ یکم اگست (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب نے آج ایک بہت بڑے سیاحتی پراجکٹ کا اعلان کیا جس کے تحت 50 جزائر اور دیگر دلکش مقامات کو ایک دوسرے سے مربوط کرتے ہوئے بحراحمر کے ساحل پر ایک شاندار اور پرتعیش ریسارٹ قائم کیا جائے گا۔ یاد رہیکہ تیل کی قیمتوں میں کمی کے بعد اس مملکت کو جسے عام طور پر قدامت پسند سمجھا جاتا ہے، اس سیاحتی پراجکٹ کے ذریعہ عام سوچ کو تبدیل کرنا اہم مقصد ہے۔ اس ریسارٹ کے وسیع و عریض ہونے کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہیکہ یہ 180 کیلو میٹر پر محیط ہ و گا جو ام اللبح سے الوجہہ تک وسیع ہوگا۔ مجوزہ پراجکٹ کے لئے ابتدائی سرمایہ کاری پبلک انویسٹمنٹ فنڈ سے ادا کی جائے گی۔ بعدازاں بین الاقوامی سطح پر سرمایہ کاری کے لئے راہ ہموار کی جائے گی۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی اسپا نے یہ بات بتائی۔ ریسارٹ کی تعمیر کا کام 2019ء کے تیسرے سہ ماہی میں شروع ہوگا جس کا پہلا مرحلہ 2022ء تک پایہ تکمیل کو پہنچے گا۔ یاد رہیکہ قطر کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کرنے کے بعد سعودی عرب کے بارے میں یہ پہلی خوشگوار خبر منظرعام پر آئی ہے۔