مکہ مکرمہ 22 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ اعلیٰ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے واضح کیا ہے کہ سعودی عرب توحید و اتحاد اور حرمین شریفین کا خدمت گار ملک ہے۔ انھوں نے مملکت کے 88 ویں یوم وطنی کے موقع پر جاری کردہ بیان میں کہاکہ حب الوطنی اور مذہبی اتحاد دین کی بنیادی ضروریات میں شامل ہیں۔ انھوں نے کہاکہ مملکت میں امن و استحکام، خوشحالی اور ترقی کا دور دورہ سب سے پہلے تو اللہ کے کرم اور پھر فرزندان وطن کے درمیان اتحاد و اتفاق اور ہم آہنگی کا ثمر ہے۔ انھوں نے کہاکہ حرمین شریفین کی خدمت اور ان کے زائرین کی ضیافت سعودی قائدین کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔