ریاض ، 19 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کے معروف عالم دین شیخ صالح الفوزان نے اس بات سے انکار کیا ہے کہ انھوں نے کھلے بوفے پر پابندی کیلئے کوئی فتویٰ جاری کیا ہے۔ان کے بہ قول انھوں نے تو صرف یہ کہا تھا کہ کھلے بوفوں میں کھانے کی مقدار کا تعین کیا جانا چاہیے تاکہ لوگ ’’نامعلوم‘‘ مقدار کو خریدا نہ کریں۔ گزشتہ ہفتے ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ شیخ صالح الفوزان نے سعودی عرب سے تعلق رکھنے والے قرآن ٹی وی پر ایک پروگرام کے دوران ایک فتویٰ جاری کیا ہے
جس میں انھوں نے کہا کہ بوفے میں کھلے عام کھانا خلاف اسلام ہے۔بوفے میں کھانے کی مقدار کو فروخت سے پہلے واضح کیا جانا چاہیے اور خریدار کو پتہ ہونا چاہیے کہ وہ کیا خریدرہا ہے۔ شیخ صالح نے کل اپنی ویب سائٹ پر اس رپورٹ کی تردید کی ہے۔انھوں نے کہا، ’’یہ مجھ سے منسوب کیا گیا ہے کہ میں نے بوفے کی ممانعت کردی ہے۔یہ ایک کھلا جھوٹ ہے جو خیال آرائی پر مبنی اور من گھڑت ہے‘‘۔ انھوں نے لکھا: ’’حقیقت یہ ہے کہ مجھ سے بعض ریستورانوں میں بوفوں میں پیش کئے جانے والے کھانوں کے حوالے سے پوچھا گیا تھا جہاں مالکان اپنے گاہکوں سے ایک مخصوص رقم کی ادائی کے بدلے میں پیش کئے گئے مختلف کھانوں میں سے کھانے کیلئے کہتے ہیں۔