ریاض 22 مئی (سیاست ڈاٹ کام) سعودی ایرلائنس کے ایک طیارہ اے 330 نے مغربی بحر احمر کے شہر جدہ میں ایمرجنسی لینڈنگ کی جس کے نتیجہ میں 53 افراد زخمی ہوگئے۔ سعودی ہوا بازی تحقیقاتی بیورو نے کہاکہ یہ طیارہ جس میں 151 افراد سوار تھے مقدس مقام مدینہ منورہ سے ڈھاکہ روانہ ہورہا تھا لیکن اس کے ہائیڈرالک سسٹم میں خامی پیدا ہوجانے کے بعد اس کا رُخ جدہ کی طرف موڑ دیا گیا تھا۔ آن لائن پش کردہ فٹیج میں اس طیارہ سے شعلہ اُٹھتے ہوئے دکھایا گیا ہے جب وہ توقف سے قبل رن وے سے اتر گیا تھا۔ ہوا بازی تحقیقاتی بیورو نے کہاکہ ’’مسافرین کو ہنگامی راستہ سے اُتار لیا گیا۔ 52 مسافر معمولی زخمی ہوئے ہیں۔ تاہم ایک خاتون مسافر کو فریکچر آگیا جس کا دواخانہ میں علاج کیا جارہا ہے‘‘۔