دبئی۔ 6 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) سعودی عرب کے جنوبی علاقہ میں ایک ہیلی کاپٹر حادثہ کا شکار ہوگیا جس میں ایک شہزادہ اور دیگر اعلیٰ عہدیدار موجود تھے ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس ہیلی کاپٹر میں سوار تمام 8 افراد ہلاک ہوگئے ۔ سعودی وزارت داخلہ نے ابتداء میں کہا تھا کہ یہ حادثہ صوبہ عسیر میں کل پیش آیا جب کہ یہ عہدیدار ابھا کے قریب مقامی پراجکٹس کا معائنہ کرنے کی غرض سے جارہے تھے ۔ یہ مقام یمن کی سرحد سے تقریباً 160کلومیٹر دور واقع ہے ۔ واضح رہے کہ مارچ 2015ء سے سعودی زیر قیادت اتحادی افواج یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف نبردآزما ہیں۔ سیکوریٹی عہدیداروں نے حادثہ کی کوئی وجہ نہیں بتائی لیکن کہا کہ ملبہ کی تلاش جاری ہے ۔یمن میں حوثی حکام نے بھی حادثہ کے بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کیا لیکن گروپ کے ’المسیرہ‘ سیٹلائٹ نیوز چینل نے صرف حادثہ پیش آنے کی اطلاع دی ۔ سعودی ملکیت سیٹلائٹ نیوز چینل ’’ العربیہ ‘‘ نے اطلاع دی کہ اس حادثہ میں پرنس منصور بن مقرن اور دیگر 7ہلاک ہوئے ہیں ۔ پرنس منصور صوبہ عسیر کے نائب گورنر تھے ۔ وہ سابق انٹلیجنس سرویس ڈائرکٹر اور ایک مرتبہ ولیعہد رہے پرنس مقرن بن عبدالعزیز کے فرزند ہیں ۔