سعودی سرحد پر جھڑپوں میں پانچ محافظ ہلاک

ریاض ۔ 26 جولائی (سیاست ڈاٹ کام)  سعودی عرب کی وزارتِ داخلہ کے مطابق یمن کے راستے سے سعودی عرب کی سرحد پار کرنے کی کوشش کرنے والے مسلح گروہ سے آٹھ گھنٹوں تک جاری رہنے والی جھڑپوں میں اس کے پانچ سرحدی محافظ ہلاک ہو گئے ہیں۔ سعودی عرب کی وزارتِ داخلہ نے پیر کو جاری بیان میں بتایا ہے کہ مسلح افراد اور باڈر کی سکیورٹی پر مامور محافظوں کے درمیان یہ جھڑپیں پیر کی صبح جنوبی خطے نجران میں ہوئیں۔وزارتِ داخلہ نے سعودی عرب کی سرحد پار کرنے کی کوشش کرنے والے گروہ کا نام نہیں بتایا۔خیال رہے کہ یمن سے متصل سعودی عرب کے سرحدی علاقے میں اس سے قبل بھی گذشتہ ڈیڑھ سال کے عرصے میں حوثی باغیوں اور سعودی فوج کے درمیان جھڑپوں کی اطلاعات موصول ہوتی رہی ہیں۔ سعودی عرب نے اتحادی افواج کے ہمراہ مارچ 2015 میں یمن میں موجود حوثی باغیوں کے خلاف جنگ کا آغاز کیا تھا۔ حالیہ جھڑپ ایک ایسے وقت میں ہوئی ہیں جب وہاں یمن جنگ کے خاتمے کے لیے امن کی کوششوں میں کچھ مثبت پیشرفت کے اشارے ملے ہیں۔