سعودی خواتین کے حقوق کی علمبردار خاتون سے اوباما کی ملاقات

ریاض 29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) صدر امریکہ بارک اوباما نے آج سعودی خواتین کے حقوق کی علمبردار ایک سرگرم خاتون رکن سے ملاقات کی اور اتفاق سے یہ ملاقات ایسے دن ہوئی جب سعودی خواتین نے اُن پر عائد کی گئی ڈرائیونگ کی پابندی کے خلاف احتجاج کرنے کا عزم کیا ہے۔ یاد رہے کہ اوباما کا آج دورۂ سعودی عرب اختتام پذیر ہورہا ہے۔ کل شام اُنھوں نے شاہ عبداللہ سے ملاقات کی تھی

اور بات چیت کے دوران اُنھوں نے یہ وضاحت کردی تھی کہ دونوں ممالک کی حکمت عملی کے تعلقات، ایران اور شام پر مختلف رائے رکھنے کے باوجود بہتر ہیں۔ امریکی قانون سازوں کے دباؤ کے باوجود اوباما نے مذاکرات کے دوران انسانی حقوق کے موضوع کو نہیں چھیڑا۔ نہا المنیف نامی خاتون سے بھی اُنھوں نے ملاقات کی جو سعودی عرب میں گھریلو تشدد کے خلاف زبردست مہم چلانے کے لئے معروف ہیں اور امریکہ کے اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے جن دس خواتین کو حال ہی میں اُن کی جرأت مندی اور بہادری کے لئے تہنیت پیش کی تھی اُن میں نہا المنیف بھی شامل ہیں۔