سعودی خواتین کو 24 جون سے کار ڈرائیونگ کی اجازت

ریاض ۔ 8 مئی (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کے محکمہ عامہ برائے ٹریفک کے ڈائرکٹر جنرل محمد البسامی نے آج کہا کہ سعودی خواتین کو 24 جون سے مملکت میں گاڑیاں چلانا شروع کرنے کی اجازت دیدی جائے گی۔ حکومت کی طرف سے جاری کردہ اعلامیہ میں بسامی کے حوالے سے کہا گیا ہیکہ ’’مملکت میں خواتین کی کار ڈرائیونگ شروع کرنے کیلئے درکار تمام ضروریات کی تکمیل کرلی گئی ہے‘‘۔ سعودی عرب میں گذشتہ کئی دہائیوں سے خواتین کی کار ڈرائیونگ پر پابندی عائد تھی اور دنیا بھر میں اپنی نوعیت کی اس منفرد پابندی کو ستمبر 2017ء میں ایک شاہی فرمان کی اجرائی کے ذریعہ برخاست کردیا گیا تھا۔ بسامی نے کہا کہ 18 سال یا اس سے زائد عمر کی خواتین کار ڈرائیونگ لائسنس کی اجرائی کیلئے درخواستیں داخل کرسکتی ہیں۔ اس مملکت کے پانچ شہروں میں خواتین کیلئے ڈرائیونگ اسکولس قائم کئے گئے ہیں۔ تربیت دینے والوں میں وہ سعودی خواتین بھی شامل ہیں جو قبل ازیں بیرونی ممالک میں اپنا ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرچکی ہیں۔ بیرونی ڈرائیونگ لائسنس کی حامل خواتین مقامی لائسنس کیلئے درخواستیں داخل کرسکتی ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہیکہ ’’یہ کوئی راز نہیں ہیکہ مملکت سعودی عرب میں کئی خواتین کے پاس بیرونی ممالک کے ڈرائیونگ لائسنس موجود ہیں‘‘۔ ماضی میں سعودی خواتین ڈرائیونگ پر عائد امتناع کی برخاستگی کیلئے مطالبہ کرتی رہی ہیں اور حتی کہ بعض خواتین نے اس پابندی کے خلاف بطور احتجاج کار ڈرائیونگ بھی کی تھی۔ ولیعہد محمد بن سلمان اس پابندی کی برخاستگی کے اصل محرک ہیں اور ان کا یہ اقدام بھی اس قدامت پسند مملکت میں طاقتور شہزادہ کی طرف سے کئے جانے والے سلسلہ وار اصلاحات کا ایک حصہ ہے۔