کولمبو۔30 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) سری لنکا کے درالحکومت کولمبو میں قائم سعودی سفارتخانے کی جانب سے اپنے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ہنگامی قانون پر عمل کرتے ہوئے عوامی مقامات پر نقاب کا استعمال نہ کریں۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سری لنکا میں ہونے والی دہشت گردی کی کارروائی کے بعد ہنگامی قانون جاری کیا گیا ہے جس کی پابندی کرنا سب کا فرض ہے۔عربی نیوز ویب سائٹ اخبار 24 نے کولمبو میں قائم سعودی سفارتخانے کی جانب سے پیر کے روز جاری بیان کے حوالے سے مزید کہا کہ ہنگامی قانون کے تحت عوامی مقامات پر جانے والی سعودی خواتین اس قانون کی سختی سے پابندی کریں۔سفارتخانے کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ ان دنوں سیاحت و تفریح کیلئے سری لنکا جانے والی سعودی خواتین بھی اپنے چہرے پر نقاب نہ لگائیں۔ سعودی شہری مقامی قوانین کا خیال رکھیں ان دنوں یہاں ہنگامی حالات نافذ ہیں۔ واضح رہے سری لنکا میں خودکش حملوں کے بعد صدرسری سینا نے عوامی مقامات پر نقاب پہننے یا چہرے کو چھپانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔