سعودی بچوں کی غیر ملکی مائیں اقامہ کی حق دار اقامہ فیس سے بھی استثنیٰ، حکومت کا غور

ریاض، 13 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) سعودی بچوں کی غیر ملکی ماؤں کے اس حق کو تسلیم کر لیا گیا ہے کہ کسی سعودی کفیل کے بغیر بھی سعودیہ میں مقیم رہ سکیں گی۔ یہ حق انہیں اس سے قطع نظر دے دیا گیا ہے کہ وہ ان دنوں کسی سعودی شہری کے نکاح میں ہیں یا بیوہ ا ور مطلقہ کے طور پر زندگی گزار رہی ہیں۔ سعودی محکمہ پاسپورٹ نے اس سلسلے میں درخواستیں وصول کرنا شروع کر دی ہیں تاکہ سعودی بچوں کی مائیں اس اعلان کی گئی سہولت سے فائدہ اٹھانے کیلئے رجوع کر سکیں اور سعودیہ میں رہائش کے حق سے فائدہ اٹھا سکیں۔ محکمہ پاسپورٹ کے ترجمان کرنل احمد نے بتایا سعودی عرب میں رہائش اختیار کرنے کیلئے ان خواتین کیلئے یہ شرط بھی عائد نہیں ہو گی کہ وہ کسی سعودی شہری کے ہاں یا کسی سعودی ادارے میں کام کرتی ہوں اور کوئی ان کا کفیل ہو۔ ایسی درخواستوں پر پانچ سال کیلئے اقامہ جاری کیا جائے گا اور اس کی کوئی فیس نہیں ہو گی، تاہم ان غیر ملکی ماؤں کو یہ ثابت کرنا ہو گا کہ ان کی سعودی شہریوں سے شادی قانوی طور پر ہوئی تھی۔حکومت کے اس فیصلہ سے کئی ہندوستانی خواتین کو بھی اقامہ حاصل ہوگا۔