سعودی بن لادن کمپنی کے 77 ہزار کارکنوں کی تخفیف

ریاض ۔ 2 مئی (سیاست ڈاٹ کام) سعودی بن لادن گروپ نے 77 ہزار غیرملکی کارکنوں کو برخاست کردیا ہے۔ روزنامہ الوطن کی اطلاع کے بموجب نامعلوم سرکاری ذرائع نے توثیق کی ہیکہ 77 ہزار ملازمین کی بن لادن گروپ میں تخفیف کی گئی ہے۔ کمپنی نے بھی اس اطلاع کی توثیق کردی ہے۔ باقی 17 ہزار کارکنوں میں سے 12 ہزار سعودی کارکن ہیں۔ سعودی بن لادن گروپ کو حکومت کی جانب سے مکہ معظمہ میں گذشتہ ستمبر میں کرین منہدم ہوجانے کے مہلک واقعہ کے بعد کئی تحدیدات کا بھی سامنا ہے۔ کمپنی کے ترجمان نے کہا کہ کئی پراجکٹس ختم ہوچکے ہیں اور بعض پراجکٹس خاتمہ کے قریب ہیں اس لئے کمپنی کو اپنے ملازمین کی تخفیف کرنا ضروری تھا۔ اس نے کہا کہ یہ کوئی خاص بات نہیں ہے کیونکہ یہ تمام ملازمین کنٹراکٹ کی بنیاد پر کام کررہے تھے اور ان کے کنٹراکٹ ختم ہوچکے ہیں۔ کمپنی نے انہیں ان کے مکمل بقایہ جات قانون کے مطابق  ادا کردیئے ہیں اور چونکہ ان کی مزید خدمات کی کمپنی کو ضرورت نہیں ہے انہیں برخاست کردیا گیا ہے۔ عرب نیوز نے الزام عائد کیا تھا کہ بن لادن گروپ کے کئی کارکنوں کو عرصہ سے تنخواہیں ادا نہیں کی گئی ہیں جس کی وجہ سے انہوں نے گروپ کی کئی بسوں کو نذرآتش کردیا ہے۔ عہدیداروں نے توثیق کی کہ کمپنی کی 7 بسیں جل کر خاکستر ہوچکی ہیں ۔ تاہم اس نے اس واقعہ کی کوئی وجہ ظاہر نہیں کی۔ بن لادن گروپ نے جن ملازمین کی تخفیف کی گئی ہے ان میں اکثریت مصری شہریوں کی ہے۔