ریاض۔ 24 فروری (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب نے اپنے شہریوں کو منگل کے روز ایک انتباہ جاری کیا ہے کہ وہ لبنان کا سفر نہ کریں۔ سعودی حکومت نے اس ملک میں موجود اپنے شہریوں کو بھی ہدایت دی ہے کہ وہ جلد سے جلد وہاں سے واپس آجائیں جبکہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے اپنے شہریوں پر لبنان جانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’’ایس پی اے‘‘ نے وزارت خارجہ کا ایک بیان نقل کیا ہے۔اس میں تمام سعودی شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنی حفاظت کے پیش نظر لبنان کا سفر نہ کریں اور لبنان میں موجود شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ انتہائی ضرورت کے سواء وہاں قیام سے گریز کریں۔دریں اثناء متحدہ عرب امارات نے بیروت میں اپنے سفارتی مشن کا درجہ بھی گھٹا دیا ہے۔متحدہ عرب امارات کی خارجہ اور بین الاقوامی تعاون کی وزارت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس نے اپنے شہریوں کے لبنان جانے پر پابندی عائد کرنے کے علاوہ بیروت میں اپنے سفارتی عملے کی تعداد گھٹا دینے کا فیصلہ کیا ہے۔اس خبر کے منظر عام سے ایک روز قبل ہی سعودی عرب نے لبنان کے لیے تقریباً 4 ارب ڈالرس کی فوجی امداد معطل کردی تھی ۔