ابوظہبی ۔ 27 جون (سیاست ڈاٹ کام) قطر کے علاقائی حریفوں نے جن میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات بھی شامل ہیں، آج کہا کہ فضائی حدود کی خلاف ورزیوں پر وہ سب سے الگ تھلگ خلیجی ریاست (قطر) کے خلاف اقوام متحدہ کی اعلیٰ ترین عدالت میں شکایت دائر کریں گے۔ خلیج میں گذشتہ سال پیدا شدہ سفارتی بحران کے بعد سعودی عرب کی زیرقیادت اتحاد نے قطر سے اپنے تمام تعلقات منقطع کرلیا تھا اور اپنی شکایات کے ازالہ کیلئے اب دی ہیگ میں واقع بین الاقوامی عدالت انصاف سے رجوع ہورہے ہیں۔ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر نے بین الاقوامی عدالت انصاف میں فضائی حدود سے متعلق اس بنیاد پر مقدمہ دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہیکہ بین الاقوامی شہری ہوا بازی تنظیم اس مقدمہ کی سماعت کا اہل و مجاز نہیں ہے۔